اقتدار میں آتے ہی وعدوں کو فراموش کرنا غلط بات،بالواسطہ کانگریس حکومت پر تنقید
حیدرآباد ۔23۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی نے ایک بار پھر اپنے بے باک انداز میں سیاسی جماعتوں کے رویوں پر سوال اٹھادیا۔ سوشیل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب پارٹیاں اپوزیشن میں ہوتی ہیں تو ایک موقف اختیار کرتی ہیں لیکن اقتدار میں آنے کے بعد اسی موقف سے ہٹ جاتی ہیں جو کہ ایک غلط طرز عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے کانگریس ہو یا بی آر ایس یا پھر بی جے پی ریاست میں ہو یا مرکز میں تمام جماعتیں اپوزیشن کے دوران کئے گئے وعدوں اور مطالبات کو اقتدار میں آنے کے بعد نظر انداز کردیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں کئے گئے سوالات اور اٹھائے گئے مطالبات پر اقتدار میں آنے کے بعد بھی سنجیدگی سے لینا چاہئے ورنہ عوام کا اعتماد مجروح ہوتا ہے۔ ان کے اس بیان میں تلنگانہ کی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑدی ہے۔ سیاسی حلقوں میں یہ قیاس جاری ہے کہ جگا ریڈی کا اشارہ کس جانب ہے۔ خاص طور پر موجودہ حالات میں جب ریاست میں آر ٹی سی ہڑتال جاری ہے ، ان کے بیان کو اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ کانگریس نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا کہ اقتدار حاصل ہونے کے بعد آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کیا جائے گا۔ اب جبکہ ہڑتال جاری ہے ، سوشیل میڈیا میں عوام سوال کر رہے ہیں کہ کیا جگا ریڈی کا بیان اسی مسئلہ کی جانب اشارہ ہے ؟ اگرچیکہ جگا ریڈی نے اپنے بیان میں کسی مخصوص جماعت یا قائد کا نام نہیں لیا ہے ، تاہم ان کے ریمارکس نے سیاسی حلقوں اور عوام کے درمیان بحث کو مزید تیز کردیا ہے۔ کئی صارفین کا ماننا ہے کہ یہ بیان موجودہ آر ٹی سی ہڑتال اور حکومت کی پالیسی پر ایک بالواسطہ تنقید ہے۔2/k