بنگلورو ۔ 19 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : حکومت کرناٹک کی جانب سے مدرسوں کے لیے یہ لازمی بنایا گیا ہے کہ وہ 11 تا 17 اگست چھ دن آزادی کی 75 سالہ تقاریب کے موقع پر قومی پرچم لہرائیں ۔ محکمہ تعلیمات سے کہا گیا ہے کہ اس پروگرام پر موثر انداز میں عمل درآمد کیا جائے ۔ محکمہ تعلیمات کے ذرائع نے کہا کہ ریاستی حکومت نے آرڈر جاری کیا ہے اور کمشنر آف پبلک انسٹرکشن ڈپارٹمنٹ اس حکم پر عمل درآمد کرنے سے متعلق اصول و ضوابط بنائیں گے ۔ بلاک ایجوکیشن آفیسرس (BEOs) ریاست میں بنیادی سطح پر پرچم لہرانے کی نگرانی کریں گے ۔ محکمہ کی جانب سے ان کے لیے ذمہ داریاں مقرر کرتے ہوئے جلد ہی علحدہ احکام جاری کئے جائیں گے ۔ ریاستی حکومت نے کہا کہ آزادی کا امرت مہاتسو کے سلسلہ میں اسکولس ، کالجس اور مدرسوں میں ترنگا لہرایا جانا چاہئے ۔ محکمہ تعلیمات کو بتایا گیا ہے کہ جنہیں حکومت کی سہولتیں حاصل ہوں انہیں قواعد اور ہدایات پر عمل کرنا چاہیے اور اس میں ترنگا نہ لہرانے کیلئے کوئی وجہ اور بہانہ نہیں ہونا چاہیے ۔ اس قاعدہ کا اطلاق سرکاری ، امدادی ، خانگی اور غیر امدادی اسکولس ، کالجس ، تعلیمی اداروں اور مدرسوں پر بھی ہوگا ۔ تمام ٹیچرس اور غیر تدریسی اسٹاف کو بھی ان کے گھروں پر قومی پرچم لہرانے کے لیے ہدایت دی گئی ہے ۔ حکومت نے اس موقع پر طلبہ کے لیے حب الوطنی کے گیت گانے ، تحریری کوئز اور ڈرائینگ مقابلہ منعقد کرنے کی ہدایت دی ۔۔