آسام، کیرلم اور پڈوچیری اسمبلی انتخابات کیلئے آج پولنگ کی تیاریاں مکمل

,

   

نئی دہلی، 8 اپریل (یو این آئی) آسام، کیرلم اور مرکز کے زیر انتظام ریاست پڈوچیری میں 296 اسمبلی نشستوں پر انتخابات کیلئے جمعرات کو ہونے والی پولنگ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ آسام کی 126، کیرلم کی 140 اور پڈوچیری کی 30 نشستوں کیلئے کل ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ پولنگ صبح سات بجے شروع ہوگی اور شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ انتخابات کو پرامن اور منصفانہ طریقے سے مکمل کرانے کیلئے تمام ضروری انتظامات کر لیے گئے ہیں اور کمیشن پولنگ مراکز پر ووٹروں کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق، اوسطاً ہر پولنگ اسٹیشن پر 750 سے 850 ووٹرز ہوں گے ، لیکن کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر 1200 سے زیادہ ووٹرز نہیں ہوں گے ۔ آسام میں 2,50,21,408 ووٹرز کیلئے جملہ 28,205 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ کیرلم میں 2,71,06,059 ووٹرز ہیں جن کیلئے 30,471 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ وہیں پڈوچیری میں 9,44,539 ووٹرز 1,099 پولنگ اسٹیشنوں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے ۔ ووٹرز کی سہولت کیلئے پولنگ مراکز پر سائے اور پینے کے پانی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ کمیشن نے اس بار 85 سال سے زائد عمر کے ووٹروں کیلئے گھر پر ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی ہے اور ان کیلئے گاڑیوں کی سہولت فراہم کرنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے ۔ آسام میں جملہ722 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ اہم امیدواروں میں وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا شرما، آسام پردیش کانگریس کے صدر گورو گگوئی، قائد حزب اختلاف دیببرت سائکیا، اے آئی یو ڈی ایف کے سربراہ بدرالدین اجمل، رائے جور دل کے رہنما اکھل گگوئی اور آسام جاتیہ پریشد کے صدر لورنجیوتی گگوئی شامل ہیں۔ ریاست میں کل 2.5 کروڑ ووٹرز ہیں، جن میں 1.25 کروڑ مرد، 1.25 کروڑ خواتین اور 343 ٹرانس جینڈر ووٹرز شامل ہیں۔ کیرلم اسمبلی انتخابات کیلئے 140 نشستوں پر 890 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ریاست میں ووٹروں کی کل تعداد 2.71 کروڑ ہے ، جن میں 1.32 کروڑ مرد، 1.39 کروڑ خواتین اور 273 ٹرانس جینڈر ہیں۔ کیرلم میں اصل مقابلہ حکمراں ایل ڈی ایف اور یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یوڈی ایف ) کے درمیان ہے ، تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بھی یہاں زور آزمائی کر رہی ہے ۔ پڈوچیری میں جملہ9.44لاکھ ووٹرز ہیں، جن میں تقریباً 4.43 لاکھ مرد، 5 لاکھ خواتین اور 139 ٹرانس جینڈر ووٹرز شامل ہیں۔ ریاست میں پولنگ کے دوران سکیورٹی کیلئے تقریباً 3,000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جن میں پڈوچیری پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور کرناٹک پولیس کی خصوصی ٹیم شامل ہے ۔ پڈوچیری میں جملہ294امیدوار میدان میں ہیں۔ یہاں براہ راست مقابلہ بی جے پی کی قیادت والے حکمران این ڈی اے اور کانگریس کی قیادت والے انڈیا اتحاد کے درمیان ہے ۔I/H