گجرات کے آزاد ایم ایل اے جگنیش کو جعلی کیس میں پھانسا گیا
گوہاٹی : آسام کی ایک عدالت نے اسٹیٹ پولیس پر شدید تنقید کی ہے جو گجرات کے آزاد ایم ایل جگنیش میوانی کو ایک خاتون کانسٹبل پر حملے کے ’’جعلی‘‘ کیس میں ماخوذ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ جگنیش جنھیں 25 اپریل کو ’’فرضی‘‘ حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ تب ہی انھیں وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں ٹوئٹس کے کیس میں آسام کی ایک دیگر عدالت نے ضمانت عطا کی تھی۔ آج عدالت نے آسام کے بارپیٹا میں درج کیس میں بھی جگنیش کو ضمانت عطا کردی۔ بارپیٹا سیشنس کورٹ جج جسٹس ارپیش چکرورتی نے اپنے حکمنامہ میں گوہائی ہائیکورٹ سے درخواست کی کہ ریاست میں حالیہ پولیس زیادتیوں کے خلاف اپنے طور پر نوٹ لیں۔ جج نے ریمارک کیا کہ بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کردہ ہماری جمہوریت کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کرنا ناقابل قیاس ہے۔