آسٹریلیائی ٹیم پہلے ونڈے میں 40 سالہ قدیم لباس پہنے گی

   

سڈنی ۔11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور آسٹریلیا ٹی 20 اور ٹسٹ سیریز میں دم دکھانے کے بعد اب ونڈے سیریز میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ تین میچوں کی ون ڈے سیریز 12 جنوری کو شروع ہورہی ہے۔ گھریلو ٹیم اس وقت کافی خراب حالت میں ہے ، جس کے پیش نظر سلیکٹرس نے اس سیریز کیلئے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ ان سب کے علاوہ آسٹریلیا ئی ٹیم ہندوستان کے خلاف سیریز کے پہلے ونڈے میچ میں ایک مرتبہ پھر سے 40 سال قدیم یادوں کو بھی تازہ کرنے والی ہے۔ آسٹریلیائی کھلاڑی اس میچ میں 1980 کی دہے میں آسٹریلیائی ٹیم کے ذریعہ استعمال کی گئی ریٹروکٹ پہنیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس خبر کا انکشاف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس میچ میں آسٹریلیائی کھلاڑی وہی اندازکی کٹ پہن کر اتریں گے ، جو آسٹریلیائی ٹیم نے ہندوستان کے خلاف 1986 میں سیریز کے دوران پہنی تھی۔ پیٹرسیڈل جو ونڈے ٹیم میں تقریبا 8 سال کے بعد واپسی کررہے ہیں ، وہ اس میچ سے کافی پرجوش ہیں۔ سیڈل نے کہا کہ یہ شاندارموقع ہے۔ مجھے کل ہی پتہ چلا کہ ہم وہ والی کٹ پہن کر اترنے والے ہیں۔ اس لئے لڑکے ان پیکٹوں کو کھولنے کو لے کر کافی پرجوش تھے۔ ہر کوئی بہت متاثر ہیں۔ خیال رہے کہ آسٹریلیائی ٹیم 1980 کی دہائی میں ون ڈے کھیلنے کے دوران ہرے اور سنہرے رنگ کی کٹ پہنا کرتی تھی حالانکہ اس کے بعد سے جرسی میں کئی تبدیلیاں کی جاچکی ہیں۔ آسٹریلیاکرکٹ کی جانب سے کی گئی یہ دلچسپ تبدیلی ہے۔ کیونکہ اس کے ذریعہ وہ لیجنڈ کرکٹروں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے ۔