آسٹریلیا میں سیلاب کی صورتحال سنگین، آبی جانور مکانات میںداخل

,

   

کیرنس ۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں ہوئی زبردست بارش اور سیلاب نے گذشتہ ایک صدی کا ریکارڈ توڑ دیا جس کے بعد حالات پر قابو پانے کیلئے فوج کی مدد طلب کی گئی۔ سیلاب سے ہزاروں مکانات، اسکولس اور ایرپورٹس زیرآب آ گئے ہیں، جس نے ملک کے شمال مشرقی علاقہ کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ ہزاروں افراد اپنے مکانات چھوڑ کر محفوظ مقامات کو منتقل ہورہے ہیں اور سڑکوں پر کئی جگہ بڑے بڑے مگرمچھ بھی دیکھے گئے جو سیلاب کے ساتھ بہتے ہوئے شہری حدود میں داخل ہوگئے۔ یاد رہیکہ آسٹریلیا کے استوائی جنوبی علاقے اکثر شدید بارش اور سیلاب سے متاثر ہوتے ہیں۔ شہریوں کو نہ صرف سیلاب اور بارش کی مشکلات بلکہ برقی سربراہی منقطع ہوجانے سے بھی مزید مشکلات درپیش ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف خطرناک آبی جانور پانی کے بہاؤ کے ساتھ ان کے مکانات میں داخل ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا کی فوج نے ریت سے بھرے بیاگس کو جگہ جگہ نصب کیا ہے جہاں سے پانی کے داخل ہونے کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ فلیش لائٹس کا بھی استعمال کیا جارہا ہے جس کے ذریعہ عمارتوں کی چھتوں پر پھنسے ہوئے افراد پر نظر رکھی جارہی ہے۔