آسٹریلیا نے 24 برس بعد پاکستان میں سیریز جیت لی

   

لاہور۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر نہ صرف تیسرے ٹسٹ میں کامیابی حاصل کرلی بلکہ 24 سال بعد ٹسٹ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔ پاکستان کو جیت کے لیے 351 رنز کا ہدف ملا لیکن پوری ٹیم 235 رنز پر آل آوٹ ہوگئی، آسٹریلیا نے 115 رنز سے میزبان ٹیم کو شکست دے دی۔ پاکستان کی طرف سے امام الحق 70 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ بابر اعظم 55، عبداللہ شفیق 27 اور ساجد خان 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پیٹ کمنز ٹسٹ اور عثمان خواجہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔آسٹریلیا نے پہلے سیشن کے ابتدائی 15 منٹ میں ہی پہلی کامیابی حاصل کرلی، عبداللّٰہ شفیق 27 رنز بنا کر کپتان پیٹ کمنز کی گیند پرکیپر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پاکستان کی دوسری اننگز میں اوپنر امام الحق نے زمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی ہے۔ لاہور ٹسٹ کے چوتھے دن جب کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیاکو جیت کے لئے پاکستان کی 10 وکٹیں درکار تھیں جبکہ پاکستان کو فتح کیلئے مزید 278 رنز بنانے تھے۔ گزشتہ روز آسٹریلیا نے چوتھے دن227 رنز3 کھلاڑی آوٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی، عثمان خواجہ 104 رنز بنا کر نمایاں رہے۔