آسٹریلیا کیلئے ویسٹ انڈیز کی سیریز ورلڈ کپ کی تیاری

   

اینٹیگا ۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے دورہ کا آغاز کیا ہے اور یہ دورہ ارون فنچ کی زیر قیادت مہمان ٹیم کیلئے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع ہوگا ۔ آسٹریلیائی ٹیم جس نے ابھی تک ٹی 20ورلڈ کپ اپنے نام نہیں کیا ہے وہ اس مرتبہ اس خطاب کو بھی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ آسٹریلیائی ٹیم کیلئے ویسٹ انڈیز کا دورہ آسان نہیں ہوگا ۔ اس دورہ پر ٹیم کو ڈیوڈ وارنر ، اسٹیو اسمتھ ، گلین میکس ویل اور فاسٹ بولر پیٹ کامنس کی خدمات دستیاب نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود فنچ کو کئی بہتر کھلاڑیوں کی دستیابی ہے ۔ فنچ جو کہ ٹی 20کی بیٹنگ فہرست میں آئی سی سی کی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر ہیں جب کہ بولنگ کی فہرست میں آسٹن اگر تیسرے مقام پر ہیں جب کہ ایڈم زمپا آٹھویں مقام پر موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ میچل اسٹراک اور جوش ہیزل ووڈ کی خدمات دستیاب ہیں ۔ اس خصوص میں اظہار خیال کرتے ہوئے ٹیم کے کوچ جسٹن لانگر نے کہا ہے کہ ٹیم میں کئی ایک نوجوان کھلاڑی موجود ہیں جنہیں اس سیریز میں اپنی صلاحیتو ں کا مظاہرہ کرنے کا بہترین موقع ملا ہے ۔ دوسری جانب ٹی 20خطاب کیلئے مضبوط دعویداروں میں شامل ویسٹ انڈیز اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف 3-2کی سیریز میں شکست کو پس پشت ڈالتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف واپسی کیلئے کوشاں ہوگی ۔ ٹیم میں کریس گیل ، کیرن پولاڈ ، اینڈری رسل اور ڈیون براؤ موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ شیمرون ہٹ مائیراور نیکولاس پورن کی موجودگی بھی ٹیم کو طاقتور بناتی ہے ۔