سڈنی: آسٹریلیا نے اسرائیل۔ حزب اللہ تنازعہ کے حوالے سے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کا سفر نہ کریں اور وہاں موجود آسٹریلیائی شہریوں پر زور دیا ہے کہ جب تک تجارتی پروازیں دستیاب ہیں، وہ ملک چھوڑ دیں۔وزیرِ خارجہ پینی وونگ نے پیر کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آسٹریلیائی حکومت کو اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں سلامتی کی صورتحال پر شدید تشویش ہے۔ آسٹریلیائی حکومت کی سفری ہدایت میں کہا گیاکہ اسرائیل اور پورے خطے میں اسرائیلی مفادات کیخلاف فوجی اور دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔ تنازعات میں اضافے کے بعد فضائی حدود کی بندش کے باعث کچھ ایئر لائنز نے اسرائیل کیلئے پروازیں کم اور معطل کر دی ہیں۔
صحت کے حکام نے بتایا کہ پیر کو شمالی لبنان میں ایک فضائی حملے میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ لاکھوں اسرائیلیوں نے لبنان سے داغے گئے جوابی میزائلوں سے پناہ لی۔اتوار کو وسطی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔