آفرید افروز کو شاندار کارکردگی پریسیڈنٹ گولڈ میڈل

   

نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ، افراد خاندان میں مسرت کی لہر
حیدرآباد ۔9 ۔ جون (سیاست نیوز) نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی سے تعلق رکھنے والے بٹالین کیڈٹ کیپٹن آفرید افروز نے نمایاں کارکردگی کے ذریعہ پریسیڈنٹ گولڈ میڈل حاصل کیا ہے ۔ اکیڈیمی کی 144 ویں کورس کے موقع پر 5 بٹالین کیڈٹ کے ناموں کا اعلان کیا گیا جن میں سے کیپٹن آفرید افروز سرفہرست تھے۔ ان کے نام کے اعلان کے ساتھ ہی کیڈٹس اور وہاں موجود افراد نے تالیوں کی گونج میں استقبال کیا۔ ایرفورس کے سینئر عہدیداروں نے آفرید افروز کو مبارکباد پیش کی۔ نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی کی ٹیم میں شامل ہوتے ہوئے افروز نے جونیئر نیشنل اکویٹیشن مقابلوں اور آرمی اکوسٹیرین چمپین شپ میں نمایاں مظاہرہ کرتے ہوئے پی ٹی زمرہ میں ہاف بلیو ایوارڈ حاصل کیا تھا ۔ افروز کو اوور آل کیڈٹ کے زمرہ میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا جبکہ بیسٹ آل راؤنڈ ایر فورس کیڈٹ کے زمرہ میں دوسرا ایوارڈ حاصل ہوا۔ پریسیڈنٹ میڈل ملنے پر افروز کی بہن سائمہ نے مسرت کا اظہار کیا۔ یہ دونوں پٹیالہ کے اسکول میں 7 برس تک ایک ساتھ تعلیم حاصل کرچکے ہیں۔ افروز جو جاریہ ماہ کے اواخر میں ایرفورس اکیڈیمی تلنگانہ سے وابستہ ہوجائیں گے ، بتایا کہ ان کی بہن نے سب سے پہلے دہرادون کے راشٹریہ انڈین ملٹری کالج کے بارے میں واقف کرایا۔ انہوں نے آرمی پبلک اسکول پٹیالہ میں داخلہ لینے کی ترغیب دی۔ گولڈ میڈل کے بارے میں سب سے پہلے میری بہن کو اطلاع ملی۔ آفرید افروز کو دوسری مرتبہ منتخب کیا گیا اور انہوں نے آٹھویں کلاس میں راشٹریہ انڈین ملٹری کالج میں داخلہ لیا۔ 2020 ء میں وہ نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی سے وابستہ ہوئے۔ ان کے والد ڈاکٹر محمد حبیب مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے تقابلی مذاہب سے متعلق ڈپارٹمنٹ میں پروفیسر ہیں۔ پریسیڈنٹ گولڈ میڈل ملنے پر خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر افراد خاندان موجود تھے۔ بڑے بھائی انعام جو پٹیالہ میں مینجر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، پریڈ کے مشاہدہ کیلئے موجود نہیں تھے۔ انہیں واٹس ایپ کے ذریعہ پریڈ کی تصاویر اور ویڈیوز روانہ کی گئی۔ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد آفرید افروز نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے والدین کی خوشی کو اہمیت دی ہے اور میری کامیابی خاندان کے لئے قابل فخر لمحہ ہے۔ افراد خاندان نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان سے مجھے میڈل حاصل کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ یہ تمام لمحات میرے لئے کسی خواب سے کم نہیں ہے۔ آفرید افروز ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ ملک کی خدمت انجام دینا چاہتے ہیں۔ ان کے والد ڈاکٹر محمد حبیب کے بھائی حال ہی میں فوج سے وظیفہ پر سبکدوش ہوئے۔ر