آندھراپردیش حکومت نے زرعی پمپ سیٹس کو برقی میٹرس لگانے کا فیصلہ کیا

   

ضلع سریکاکولم میں پائلٹ پراجکٹ کامیاب، 30 فیصد برقی بچت کا دعویٰ، جگن موہن ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 7 مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش کی حکومت نے ریاست کے تمام زرعی پمپ سیٹس کو برقی میٹرس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع سریکاکولم میں پائلٹ پراجکٹ پر عمل کیا گیا جو کامیاب رہا ہے جس کی وجہ سے حکومت نے اس کو ساری ریاست میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاڑے پلی کیمپ آفس چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے محکمہ جات زراعت اور ہارٹیکلچر کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اس پر ریاست بھر میں عمل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے اجلاس میں ریاست کے تمام زرعی پمپ سیٹس کو برقی میٹرس لگانے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضلع سریکاکولم میں کئے گئے تجربہ سے تقریباً 30 فیصد برقی کی بچت ہوئی ہے۔ برقی کنکشنس میں اضافہ ہونے کے باوجود 33.75 ملین یونٹس برقی کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو برقی کسان استعمال نہیں کررہے ہیں اس کو مفت برقی میں شمار کیا جارہا ہے۔ برقی میٹرس لگانے سے برقی کا جو بیجا استعمال ہورہا ہے نہ صرف اس کو کنٹرول کیا جائے گا بلکہ ایک شفاف نظام تیار ہوگا۔ زرعی موٹرس کو برقی میٹرس لگانے سے کسانوں کو معیاری برقی سربراہ ہوگی اور برقی عملہ بھی جوابدہ رہے گا۔ جلد از جلد ریاست کے تمام اضلاع میں برقی میٹرس لگانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی مفاد پرستی کیلئے زرعی پمپ سیٹس کو برقی لگانے کی مخالفت کرتے ہوئے گمراہ کن مہم چلارہے ہیں جس کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کسانوں کو جو فائدہ ہورہا ہے اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے پر زور دیا۔ن