مسلم غالب آبادی والے علاقوں کی نشاندہی، دو ارکان اسمبلی اور ایک رکن کونسل کو ذمہ داری
حیدرآباد۔24۔اکٹوبر(سیاست نیوز) مجلس اتحاد المسلمین آندھراپردیش میں جاری بلدی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 5بلدیات میں جملہ 21 امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ پڑوسی تلگوریاست میں مسلم غالب آبادی والے علاقوں میں پارٹی کے استحکام کے لئے مجلس اتحاد المسلمین کے امیدواروں کو میدان میں اتارے جانے کا آندھراپردیش کے پارٹی قائدین کی جانب سے خیر مقدم کیا جارہاہے او ران کی جانب سے کئے جانے والے دعوے کے مطابق مجلس کے امیدوار مجوزہ بلدی انتخابات میں اپنی شاندار کامیابی درج کرواتے ہوئے پارٹی کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ صدر مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹراسدالدین اویسی نے آندھراپردیش صوبائی مجلسی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ ایسے بلدی حلقوں اور وارڈس کی نشاندہی کرتے ہوئے محض ان بلدی وارڈس اور حلقوں سے امیدواروں کو میدان میں اتاریں جہاں سے مجلس اتحاد المسلمین کے امیدواروں کی کامیابی یقینی ہو۔ ذرائع کے مطابق صدر مجلس سے مشاورت کے بعد صوبائی مجلس اتحاد المسلمین آندھرا پردیش کے عہدیداروں نے ریاستی بلدی انتخابات کے دوران 5بلدیات میں جملہ 21امیدواروں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔بیرسٹراسدالدین اویسی نے انتخابی میدان میں موجود امیدواروں کی کامیابی کے لئے انتخابی مہم کی ذمہ داری جناب محمد مبین رکن اسمبلی بہادرپورہ کی نگرانی میں ماجد حسین رکن اسمبلی نامپلی کے علاوہ رکن قانون ساز کونسل ریاض الحسن آفندی کو تفویض کی ہے اور یہ اراکین اسمبلی و قانون ساز کونسل آندھراپردیش میں جاری انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔3
لڑکیوں لیے قرات کی کلاس
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : اقراء قرات سوسائٹی کی جانب سے پیر کو بعد نماز فجر تا 8 بجے صبح مسجد فردوس ، قاضی پورہ شاہ علی بنڈہ میں قاری محمد عبدالقیوم شاکر لڑکیوں کیلئے فن قرات کی کلاس لیں گے ۔۔