امیدوارو ں کی شکایات کا جائزہ لینے الیکشن کمشنر کی عہدیدارو ں کو ہدایت
حیدرآباد :22 اکٹوبر ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد آندھراپردیش کے اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مجالس مقامی کے انتخابات کا عمل روک دیا ہے ۔ آندھراپردیش کی 100مجالس مقامی کے انتخابات کے پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا مرحلہ جاری تھا اور سپریم کورٹ نے بعض امیدواروں کی شکایت پر اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل روکنے کی ہدایت دی ۔ سپریم کورٹ سے شکایت کی گئی کہ اپوزیشن کے امیدواروں کو لا اینڈ آڈر کے نام پر پرچہ نامزدگی کے ادخال سے روکا گیا ہے ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی قطعی فہرست کی اجرائی کو روک دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن پرچہ نامزدگی کے ادخال سے محروم امیدواروں کی شکایات کا جائزہ لے گا اور شواہد کی جانچ کرے گا ۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر انیل چندرا پونیتا نے ضلع کلکٹر اور الیکشن کمیشن کے عہدیدارو ں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے شکایات کی جانچ کرنے کی ہدایت دی ۔ سپریم کورٹ نے 25 اکٹوبر تک امیدواروں کی قطعی فہرست کی اشاعت کو روکنے کی ہدایت دی ہے ۔ اسی دوران چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین پر مجالس مقامی کے الیکشن میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا ۔ 1/S