آندھرا میں 25 لوک سبھا حلقوں کیلئے تلگودیشم کے نئے صدور

   

امراوتی ۔ سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج ریاست میں 25 لوک سبھا حلقوں کیلئے پارٹی کے نئے صدور کا تقرر عمل میں لایا ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے دوسرے عہدوں پر بھی تقررات کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے اور محنتی قائدین کو موقع دیا جائیگا ۔ ایسے لیڈروں کو موقع دیا جائیگا جو عوام کے کاز کیلئے جدوجہد کرنے کیلئے تیار رہیں گے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے سابقہ ضلع صدور کے تقرر کو ختم کرتے ہوئے پارلیمانی یونٹ کے صدور کا تقرر عمل میں لایا ہے ۔ 2019 کے انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد سے پارٹی کا یہ بڑا اعلان ہے ۔ 2019 میں تلگودیشم کو صرف 23 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ نائیڈو نے کہا کہ نئے تقررات میںقائدین کی میرٹ اور جمہوری اصولوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ اعلان کیا گیا ہے ۔