آندھرا پردیش سمیت4 ریاستوں کی 6 راجیہ سبھا نشستوں کا ضمنی چناؤ

   

الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کیا، 3 ڈسمبر کو نوٹیفکیشن‘ 20 ڈسمبر کو رائے دہی

حیدرآباد۔/26نومبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے 4 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 6 نشستوں کے انتخابات کیلئے شیڈول جاری کیا ہے۔ آندھرا پردیش میں راجیہ سبھا کی 3 نشستیں مخلوعہ ہیں جبکہ اوڈیشہ، مغربی بنگال اور ہریانہ میں ایک، ایک نشست ہے۔ آندھرا میں ایم وینکٹ رمنا راؤ اور بی مستان راؤ یادو نے 29 اگسٹ کو راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفی دیا تھا جبکہ آر کرشنیا نے 23 ستمبر کو استعفی دیا۔ ایم وینکٹ رمنا راؤ کی میعاد 21 جون 2026 ، بی مستان راؤ یادو کی میعاد 21 جون 2028 اور آر کرشنیا کی میعاد 21 جون 2028 کو ختم ہورہی ہے۔ باقی میعاد کیلئے ضمنی چناؤ ہوگا ۔ 3 ڈسمبر کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ 10 ڈسمبر تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ نامزدگی کی جانچ 11 ڈسمبر کو ہوگی اور 13 ڈسمبر تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 20 ڈسمبر صبح 9 تا شام 4 بجے رہے گی جبکہ اُسی دن شام 5 بجے سے رائے شماری اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ ضمنی چناؤ کا عمل 24 ڈسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ اے پی کے تین مستعفیٰ ارکان کا تعلق وائی ایس آر کانگریس سے تھا۔ ضمنی چناؤ میں عددی طاقت کے اعتبار سے تلگودیشم، بی جے پی اور جنا سینا اتحاد کے امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے اورمتفقہ طور پر انتخاب ہوسکتا ہے۔ بی جے پی ایک نشست کی مانگ کررہی ہے۔1