آندھرا پردیش میں اتوار کو مفت راشن کی فراہمی

   

غریبوں میں 4اپریل کو فی خاندان 1000 روپئے کی تقسیم
مچھلی پٹنم۔/25 مارچ، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے وزیر سیول سپلائیز کوڈالی سری وینکٹیشور راؤ نے چہارشنبہ کو کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاون کے پیش نظر ریاست میں 29 مارچ کو عوام کے گھروں پر مفت راشن سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راشن کارڈ گیرندوں کو بائیو میٹرک توثیق کے لئے عوامی نظام تقسیم کی دوکانات جانے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہ عمل روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ولیج والینٹرس کے ذریعہ ماہ اپریل کے چاول کا کوٹہ اور بشمول توردال تمام راشن کارڈ گیرندوں میں تقسیم کی جائے گی۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن نے 22 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ بشمول دال، تمام غریبوں میں مفت راشن تقسیم کیا جائے گا۔ ہر خاندان کو 4 اپریل تک 1000 روپئے نقد بھی دیئے جائیں گے۔