163 اسمبلی اور 21 پارلیمانی حلقوں میںجیت جگن کی وائی ایس آر کانگریس کا عملا صفایا
حیدرآباد 4 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں تلگودیشم پارٹی نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی کی نہ صرف حکومت کا خاتمہ کیا بلکہ وائی ایس آر کانگریس کا عملا صفایا بھی کردیا ہے ۔ تلگو دیشم زیر قیادت این ڈی اے اتحاد نے 163اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے وائی ایس آر سی پی کو 12 نشستوں پر محدود کردیا ۔ ریاست کے 25 حلقہ جات پارلیمان میں این ڈی اے نے 21نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے وائی ایس آر سی پی کو 4 نشستوں تک محدود کیا ہے ۔ ۔ تلگو دیشم ‘ بی جے پی اور پون کلیان کی جنا سینا نے 163 اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے ریاست میں اقتدار حاصل کرلیا ہے اور صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو 9 جون کو 11 بجکر 53 منٹ پر دوسری مرتبہ چیف منسٹر آندھرا پردیش کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ موجودہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے گورنر جسٹس نذیر احمد سے ملاقات کرکے اپنا مکتوب استعفیٰ پیش کردیا۔ آندھر اپردیش میں تلگو دیشم نے اپنے طور پر 134 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے سادہ اکثریت حاصل کرلی جبکہ جنا سینا کو 21نشستوں پر کامیابی ملی اور بی جے پی نے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ آندھرا پردیش میں 25حلقہ جات پارلیمان میں تلگودیشم نے 16 پر کامیابی حاصل کی جبکہ بی جے پی کو 3 پر اور جنا سینا کو 2حلقہ جات پر کامیابی ملی ہے۔ وائی ایس آر سی پی نے محض 4 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل کی ۔ آندھراپردیش میں جگن حکومت کو بیدخل کرنے عوام نے تلگودیشم و جنا سینا کے بی جے پی سے اتحاد کے باوجود انہیں کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ تلگو دیشم کو ریاست میں اقتدار حاصل ہونے کے ساتھ ہی جشن کا ماحول دیکھا گیا اور چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے شکست تسلیم کرکے استعفیٰ دے دیا۔ بعد ازاں جگن موہن ریڈی نے میڈیا سے کہا کہ انہیں اس طرح کے نتائج کی توقع نہیں تھی کیونکہ انہوں نے آندھرا عوام کیلئے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیاتھا ۔ جگن موہن ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں فلاحی اسکیمات کے کروڑہا استفادہ کنندگان تھے جس کے پیش نظر وہ بہتر نتائج کی توقع کر رہے تھے ۔ صدر تلگو دیشم چندرا بابونائیڈو نے انتخابی نتائج پر اپنے افراد خاندان کے علاوہ پارٹی کارکنوں کے ہمراہ جشن منایا ۔ ذرائع کے مطابق نائیڈو 5 جون کو دہلی جائیں گے اور مرکزی قائدین سے تبادلہ خیال کرینگے۔ آندھرا پردیش میں تشکیل حکومت کیلئے انہیں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور نہ انہیں کسی کی مدد درکار ہے لیکن ماقبل انتخابات اتحاد کے پیش نظر وہ اتحادیوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔ این ڈی اے کی کامیابی پر وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے چندرا بابونائیڈو کو مبارکباد پیش کی ۔ 3