آندھرا پردیش میں کسانوںکو رقمی امداد کا اعلان

   

انتخابات سے قبل بیروزگار نوجوانوں کے پنشن میں دوگنا اضافہ
حیدرآباد۔/13 فروری، ( پی ٹی آئی) حکومت آندھرا پردیش نے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی انتخابات سے عین قبل مرکز کی ایک اسکیم کو ریاستی اسکیم سے مربوط کرتے ہوئے کسانوں کیلئے چند ترغیبات کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت کسانوں کو سالانہ 10,000 روپئے کے دو اقساط دیئے جائیں گے۔ چیف مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں منعقدہ کابینی اجلاس میں ’’ انا داتا سکھی بھاوا ‘‘ اسکیم کو منظوری دی گئی۔ جس کے تحت مرکز کی طرف سے یکم فروری کو عبوری بجٹ میں ہر کسان کیلئے معلنہ 6000 روپئے سالانہ کے ساتھ ریاستی حکومت مزید 4000 روپئے ادا کرے گی۔ علاوہ ازیں حکومت نے اس اسکیم پر کوئی حد مقرر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سب کے لئے راستہ کھلا رکھا ہے۔ ان میں وہ کسان بھی شامل ہوں گے جن کی اراضیات مرکز کی طرف سے مقررہ پانچ ایکڑ سے زائد ہیں۔ قولدار کسانوں تک فوائد پہنچانے اس اسکیم میں وسعت کے لئے رہنمایانہ خطوط مرتب کئے جارہے ہیں۔ وزیر زراعت سومی ریڈی چندرا موہن ریڈی نے کابینی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو حکومت نے ماقبل انتخابات عبوری بجٹ برائے سال 2019-20 میں کسانوں کیلئے معاشی امداد اور بیروزگار نوجوانوں کے پنشن 2000 روپئے ماہانہ کو دوگنا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہم ان قولدار کسانوں کو بھی فائدہ پہنچائیں گے جن کے پاس کاشت کاری کی سند اور قرضہ حاصل کرنے کے استحقاق کارڈ موجود رہیں گے۔‘‘