آندھرا پردیش کے چنتاپلی میں درجہ حرارت7ڈگری درج

   

حیدرآباد 23دسمبر(یواین آئی) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھر اپردیش میں سردی کی شدید لہر جاری ہے ۔گذشتہ ایک ہفتہ سے درجہ حرارت میں غیرمعمولی گراوٹ درج کی گئی ہے جس سے صبح کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے میں دشواری ہورہی ہے ۔صبح 10بجے تک بھی کہر دونوں ریاستوں کے کئی علاقوں میں دیکھی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں گاڑی سواروں کو شدید مشکل صورتحال کا سامنا ہے اور وہ گاڑیوں کی ہیڈلائٹس کو کھول کر گاڑیاں چلانے پر مجبور ہیں۔کئی مقامات پر درجہ حرارت واحد ہندسہ تک پہنچ گیاہے ۔آندھراپردیش کے الوری سیتاراما راجو ضلع کے چنتاپلی میں اقل ترین درجہ حرارت7ڈگری درج کیا گیا۔ وشاکھاپٹنم ، کاکناڈا ، مشرقی گوداوری ، کرشنا ، این ٹی آرضلع میں بھی یہی صورتحال دیکھی جارہی ہے ۔دوسری طرف تلنگانہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔حیدرآباد میں درجہ حرارت میں کافی گراوٹ ہوگئی ہے ۔ کئی مقامات پر درجہ حرارت 15ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔متحدہ عادل آباد میں درجہ حرارت واحد ہندسہ تک جاپہنچا ہے جس کے سبب ضلع کے ایجنسی علاقوں میں رہنے والوں کو مشکلات درپیش ہیں۔کومرم بھیم ضلع میں اقل ترین درجہ حرارت10ڈگری سلسیس،نرمل میں 11ڈگری اورمنچریال میں 14ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔