حیدرآباد۔20۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے حکومت کے آنکھوں کی روشنی پروگرام میں اردو زبان کو نظر انداز کرنے کی شکایت کی ہے۔ آنکھوں کی روشنی پروگرام کے دوسرے مرحلہ کا کل سے ریاست بھر میں آغاز ہوا لیکن اس پروگرام کے پمفلٹس اردو زبان میں جاری نہیں کئے گئے۔ کانگریس لیڈر اور سابق کارپوریٹر محمد واجد حسین نے کہا کہ حکومت نے دوسری سرکاری زبان اردو کو نظر انداز کرتے ہوئے اردو داں طبقہ کو مایوس کیا ہے ۔ آنکھوں کی روشنی پروگرام کی تفصیلات پر مبنی پمفلٹ تلگو زبان میں موجود ہیں جبکہ اردو داں طبقہ کیلئے ان کی زبان میں کوئی میٹریل موجود نہیں ہے۔ 100 دن کے اس پروگرام کی تفصیلات اردو میں شائع کی جانی چاہئے ۔ واجد حسین نے چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر صحت ہریش راؤ کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے اردو زبان میں میٹریل جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اردو کے ساتھ سوتیلا سلوک کر رہی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر اردو سے محبت کا اظہار تو کرتے ہیں لیکن عملی طور پر نظر انداز کردیا گیا ۔ر