معذورین کو تعلیم اور ملازمتوں میں تحفظات، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 2 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آنگن واڑی مراکز میں حاملہ خواتین اور شیرخوار بچوں کو معیاری اور تغذیہ بخش غذا کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا۔ سکریٹریٹ میں آج چیف منسٹر نے خواتین و اطفال بہبود کا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے (این ایچ ایف ایس) کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا، جس میں غذائی قلت اور خون کی کمی کی وجہ سے حاملہ خواتین، شیرخوار اور بچے بیمار ہورہے ہیں۔ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ معیار صحت کی شرح کو بلند کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ عہدیدار آنگن واڑی سنٹرس کی خصوصی نگرانی کریں۔ معیاری غذا کی فراہمی کا جائزہ لیں۔ ریکارڈ میں غلط تحریر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ حاملہ خواتین شیرخوار بچوں کے بائیومیٹرک کے نفاذ کو یقینی بنائے۔ ریاست کے تمام 35 ہزار آنگن واڑی مراکز میں سی سی کیمرے اور بائیومیٹرک سسٹم قائم کیا جائے۔ تمام ریکارڈس کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کیا جائے تاکہ آڈٹ ممکن ہوسکے۔ خواتین اور اطفال بہبود محکمہ جات کی اسکیمات کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے ہر چھ ماہ بعد ایک خصوصی ہفتہ وار فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے اور وسیع ترمہم چلائی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں 12315 آنگن واڑی مراکز کرایہ کی عمارتوں میں چلائے جارہے ہیں۔ انہیں ذاتی عمارتوں کی تعمیر کیلئے اراضیات کی نشاندہی کرنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے معذورین کو تعلیم اور ملازمتوں کے مواقعوں میں تحفظات کو فوری طور پر نافذ کرنے کے احکامات جاری کریں۔ قانون کے مطابق ملازمتوں میں 4 فیصد تعلیم میں 5 فیصد تحفظات لاگو کیا جائے خواجہ سراؤں کی بہبود کیلئے خصوصی پالیسی تیار کرنے کا بھی حکم دیا۔2