متعدد نمائندگیوں کے باوجود مسئلہ کی عدم یکسوئی ، آل انڈیا آرگنائزیشن آف کیمٹس اینڈ ڈرگس کا اعلان
حیدرآباد۔13۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) آن لائن ادویات کی فروخت کے خلاف ملک بھر میں موجود زائد از 12 لاکھ میڈیکل شاپس اور ڈسٹریبیوٹر س نے 20مئی کو اپنے کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ قومی سطح پر منائے جانے والے اس بند میں تمام میڈیکل شاپس اور ڈسٹریبیوٹرس نے آن لائن ادویات کی فروخت اور بھاری رعایت دیئے جانے کے علاوہ بغیر کسی ڈاکٹر کی تحریر کے ادویات فروخت کئے جانے کے خلاف بطور احتجاج یہ فیصلہ کیا ہے۔ میڈیکل شاپس ‘ کیمسٹس اور ڈسٹریبیوٹرس کی جانب سے آن لائن ادویات کی فروخت کے سلسلہ میں طویل مدت سے احتجاج کیا جارہا ہے لیکن اس کے کوئی اثرات مرتب نہیں ہورہے ہیں اور اب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اسے دیکھتے ہوئے کیمسٹس کا کہناہے کہ حکومت ان کے مطالبہ پر توجہ نہیں دے رہی ہے اسی لئے وہ مجبور ہوکر یہ فیصلہ کررہے ہیں۔آل انڈیا آرگنائزیشن آف کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس نے بتایا کہ ملک میں ای۔ فارماسیس کے نام پر وہ ادویات بھی فروخت کی جارہی ہیں جو کہ بغیر کسی ڈاکٹر کی تجویز کردہ چٹھی کے فروخت نہیں کی جانی چاہئے ۔ میڈکل شاپس کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں آن لائن ادویات کی فروخت اور آن لائن ادویات میں راست کمپنیوں کی جانب سے دی جانے والی بھاری رعایت کے نتیجہ میں عوام ان ای۔فارماسیس سے ادویات خریدرہے ہیں جس کے نتیجہ میں میڈیکل شاپس سے ادویات کی خریدی میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور یہ میڈیکل شاپس کے لئے نقصان کا باعث ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو روانہ کئے گئے مکتوب میں اسوسیشن کے نمائندوں نے اس بات کی صراحت کی ہے کہ متعدد مرتبہ نمائندگی کے باوجود بھی ان کے اس سنگین مسئلہ کو حل کرنے کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی اسی لئے میڈیکل شاپس کی جانب سے 20 مئی کو ایک روزہ احتجاجی بند منانے کا فیصلہ کیاگیا ہے اگر حکومت اس کے باوجود بھی ان مسائل کے حل کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی نہیں بناتی ہے تو ایسی صورت میں میڈیکل شاپس ملک بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا آغاز کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ صدر اسوسیشن جے ایس شنڈے اور جنرل سیکریٹری راجیو سنگھل نے بتایا کہ میڈیکل شاپس کی جانب سے کئے جانے والے مطالبات جائز ہیں اور وہ صحت عامہ کے مفاد میں یہ مطالبہ کررہے ہیں کیونکہ آن لائن فروخت کی جانے والی ادویات کے آڑمیں جو غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں وہ معاشرہ کی تباہی کا سبب بن رہی ہیں علاوہ ازیں آن لائن ادویات کی خریداری کرنے والوں کا ڈاٹا استعمال کرتے ہوئے انہیں اپنا مستقل گاہک بنائے رکھنے کی بھی ادویات ساز کمپنیاں کوشش کر رہی ہیں۔3/m/b