آن لائین دھوکہ دینے والا جوڑا گرفتار

   

حیدرآباد /21 نومبر ( سیاست نیوز ) آن لائین دھوکہ دہی کے نتیجہ میں فوجی جوان کی خودکشی کیلئے ذمہ دار دھوکہ باز جوڑے کو سنٹرل کرائم اسٹیشن سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جوائنٹ کمشنر سی سی ایس اویناش موہنتی نے کہا کہ کیپٹن جی رگھوناتھ ریڈی میڈیکل آفیسر سکندرآباد نے سی سی ایس سے شکایت درج کروائی جس میں کہا کہ ایک فوجی سپاہی ولاس مدھوکر سندرنے 16 اپریل کو پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ متوفی جوان کے واٹس ایپ کے تفصیلات اور ای میلس کا تجزیہ کرنے پر یہ معلوم ہوا کہ فوجی جوان دھوکہ بازوں کے جھانسے میں آگیا تھا اور دھوکہ کا شکار ہونے کے سبب اس نے خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی فوجی جوان ولاس مدھوکر کو آن لائین دھوکہ باز جوڑے 29 سالہ لوکیندر سنگھ اور اس کی بیوی رچی سنگھ نے جن کا تعلق نئی دہلی سے ہے اور ڈیل ستھون آن لائین پرائیویٹ کے نام سے ادارہ چلاتے ہوئے گاہکوں کو کومبو پیاک فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دے رہے تھے ۔ فوجی جوان دھوکہ بازوں کے جھانسہ میں آگیا اور اس نے دھوکہ بازوں کو 90 ہزار روپئے آن لائین منتقل کئے ۔ اسے نہ کوئی انعام اور نہ کسی بھی قسم کا تحفہ موصول ہوا ۔ دھوکہ دہی کا شکار ہونے سے وہ دلبرداشتہ ہوگیا تھا اور اس نے لیکر خودکشی کرلی ۔ کیس کی تحقیقات تکنیکی شواہد پر کی گئی اور سائبر کرائم پولیس نے دھوکہ باز جوڑے کو گرفتار کرکے حیدرآباد منتقل کیا اور عدالت میں پیش کرکے جیل بھیج دیا گیا ۔