آواز امپلیفائر آلات کے استعمال میں ہائی کورٹ کے حکم پر عمل ہوگا : ڈی جی پی

   

لکھنؤ: اترپردیش کے اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس(نظم ونسق) پرشانت کمار نے منگل کو بتایا کہ پوجا کے مقامات سمیت دیگر عوامی مقامات پر آواز امپلیفائر آلات کے استعمال کے سلسلے میں ہا ئی کورٹ کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ کمار نے کہا کہ حکومت اور پولیس ہیڈکوارٹر کی طرف سے واضح ہدایات ہیں کہ تمام تہوار روایتی انداز میں منائے جائیں اور جہاں تک آوازکا تعلق ہے تو ہائی کورٹ کے احکامات کی تعمیل کی جانی چاہئے ۔ الوداع کی نماز یا اس سے قبل دیگر مذاہب کے بھی جو تیوہار ہوئے ہیں اس کی تعمیل میں تقریباً 37 ہزار 344 مذہبی رہنماؤں سے پولیس انتظامیہ کی بات ہوچکی ہے ، جب کہ کچھ مذہبی رہنماؤں سے بات کرنا باقی ہے۔