حیدرآباد ۔ 7 مئی (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راماراؤ نے کل آؤٹر رنگ روڈ (او آر آر) کیلئے ڈریپ اریگیشن سسٹم کا آغاز کیا۔ یہ آوٹر رنگ روڈ 158 کیلو میٹر طویل ہے اور اس کیلئے 47 کروڑ روپئے لاگت سے ڈریپ اریگیشن کو 5 پیاکیجس میں شروع کیا گیا تھا بشمول سات سال تک مینٹننس۔ آوٹر رنگ روڈ کے کنارے 63 لاکھ سے زائد پودے ہیں۔ اب تک ان پودوں کو مینولی ٹینکرس کے ذریعہ پانی دیا جارہا تھا لیکن یہ طریقہ ورکرس کیلئے غیرمحفوظ، زیادہ خرچ والا ہے اور اس میں پانی بھی ضائع ہوتا ہے۔ اس لئے اس کی جگہ ڈریپ اریگیشن سسٹم کو شروع کیا گیا ہے۔ اس سسٹم کیلئے 94 بورویلس اور 92 سمپس کی ضرورت تھی۔ اس میں پانی کو پمپ کرکے پائپس کے ایک نیٹ ورک کے ذریعہ چھوڑا جاتا ہے اور پودوں کی جڑوں میں راست پہنچتا ہے۔ بائیں جانب، میڈئن اور سیدھے جانب ڈریپ لائنس فراہم کئے گئے ہیں۔ اس میں جملہ 1500 کیلو میٹر ڈریپ لائنس ہیں۔ اہم نانک رام گوڑہ میڈیسن اور دیگر پاکٹس پر ایک اسپرنکلر سسٹم فراہم کیا گیا ہے۔ ڈریپ اریگیشن سسٹم کو آٹومیشن ٹکنالوجی، SCADA (سپرویژری کنٹرول اینڈ ڈیٹا اکویزیشن) سے بھی جوڑا گیا ہے۔ حیدرآباد گروتھ کاریڈر لمیٹیڈ (HGCL) نے تلنگانہ کو ہریتا ہارم کے تحت بڑے پیمانہ پر شجرکاری کرنے کے علاوہ آوٹر رنگ روڈ پر میڈین اور دو رویہ شجرکاری کی ہے۔