آٹو۔ کیاب ڈرائیورس ، فوڈ ڈیلیوری بوائز کو 5 لاکھ روپئے تک حادثاتی پالیسی

   

10 لاکھ روپئے تک مفت طبی علاج۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/24 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آٹو ڈرائیورس ، کیاب ڈرائیورس اور فوڈ ڈیلیوری بوائز کو 5 لاکھ روپئے تک حادثاتی (ایکسیڈنٹ پالیسی ) متعارف کرانے کے علاوہ راجیو آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت طبی علاج فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چند ماہ قبل شہر میں کتے کے ڈر سے عمارت سے چھلانگ لگاکر ہلاک ہونے والے سوئیگی ڈیلیوری بوائے کے ارکان خاندان کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے لواحقین کو 2 لاکھ روپئے کا معاوضہ ادا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ساتھ ہی کیاب ڈرائیورس کیلئے اولا کی طرز پر ٹی ہب کے ذریعہ خصوصی ایپ دستیاب کرنے کا وعدہ کیا۔ آج شام نمائش میدان نامپلی میں کیاب ڈرائیورس، فوڈ ڈیلیوری بوائز۔ آٹو ڈرائیورس کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس طلب کیا گیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اجلاس میں شریک ہوکر مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جو بھی مسائل پیش کئے گئے ہیں اس کو حل کرنے کی ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سماجی تحفظ فراہم کرنے کے معاملے میں ذمہ داری سے کام کررہی ہے۔ غیر منظم شعبہ میں کام کرنے والوں کو روزگار اور سماجی تحفظ کیلئے بڑے پیمانے پر ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے جو وعدہ کیا ہے تلنگانہ حکومت اس کو پورا کرے گی۔ راجستھان میں بنائے گئے قانون کا مطالعہ کرنے کے بعد آنے والے بجٹ سیشن میں نئی قانون سازی کرنے کا وعدہ کیا۔ ساتھ ہی چیف منسٹر نے مختلف اداروں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ صرف منافع کو ترجیح دینے کے بجائے کارکنوں اور ملازمین کی فلاح و بہبود پر بھی توجہ دیں۔ چیف منسٹر نے مزدوروں اور ملازمین سے ناانصافی کرنے والے اداروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 28 ڈسمبر سے 6 جنوری 2024 تک پبلک گورننس گرام سبھاؤں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ آٹو ڈرائیورس، کیاب ڈرائیورس اور فوڈ ڈیلیوری بوائز کو وہاں اپنے مسائل پر مشتمل یادداشتیں پیش کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ہر چار ماہ میں ایک مرتبہ گرام سبھائیں منعقد ہوں گی۔پرجا وانی میں موصول ہونے والی تمام درخواستوں کو حل کرنے کا وعدہ کیا۔ اس پروگرام میںوزراء ڈی سریدھر بابو، پونم پربھاکر کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین نے شرکت کی۔ن