آٹو رکھشا سرقہ کرنے والی ٹولی گرفتار30لاکھ روپئے مالیتی 21 آٹوز ضبط

   


حیدرآباد ۔ 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) ملکاجگری پولیس نے آٹورکھشا سرقہ کرنے والی ایک بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 30 لاکھ روپئے مالیتی 21 آٹوزکو ضبط کرلئے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ملکاجگری زون رکھشیامورتی نے بتایا کہ آٹو سرقہ کرنے والی چار رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ رچہ کنڈہ کے علاوہ اس ٹولی نے سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں بھی وارداتیں انجام دی۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اس ٹولی کے اراکین اصل سرغنہ 32 سالہ ایم سرینواس ساکن مولیٰ علی، 25 سالہ منور بیگ، 20 سالہ انور بیگ عرف شیرو اور 32 سالہ جاوید ساکنان سیڑم گلبرگہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ 21 آٹوؤں کو ضبط کرلیا جن کی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اصل سرغنہ سرینواس مسافر بردار آٹوؤں کا سرقہ کرتاتھا۔ اس نے ملکاجگری اور نریڈمیٹ کے علاوہ آر سی پورم اور میاں پور حدود میں وارداتیں انجام دیں۔ پولیس نے بتایا کہ اصل سرغنہ سرینواس جو شراب کے نشہ کا عادی ہوگیا اور پیشہ سے آٹو چلایا کرتا تھا۔ پارکنگ میں رکھے ہوئے آٹوز کی نشاندہی کرتے ہوئے ان آٹوز کا سرقہ کرتا تھا اور ان مسروقہ آٹوز کو منور بیگ، انور بیگ اور جاوید کو کم قیمت میں فروخت کرتا تھا۔ آٹو خریدنے کے بعد اس کے ڈھانچہ کو بدل دیا جاتا اور مقامی ریاست کی طرز پر ان آٹوؤں کو تیار کرتے تھے اور نئے نمبر کو درج کرنے کے بعد ان آٹوؤں کو یہ ٹولی کرایہ پر دیا کرتی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ سرینواس نے ملکاجگری میں 5، نریڈمیٹ میں 6، چندا نگر میں 4، میاں پور میں 2 اور آر سی پورم میں ایک واردات انجام دی۔ پولیس کی جانب سے ضبط شدہ آٹوز میں تین کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کی گئی۔ع