آٹو کرایوں میں بڑا اضافہ، حکومت نے احکام جاری کئے

   

اقل ترین کرایہ 30 روپئے ، ویٹنگ پر فی منٹ 75 پیسے، تین ماہ میں میٹر درست کرنے مہلت
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آٹو سے سفر کرنے والے عوام کو شدید جھٹکہ لگا ہے۔ حکومت نے ایندھن (پٹرول و گیاس) کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں اور آٹو کی دیکھ بھال کے اخراجات میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے آٹو کرایوں میں نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے جی او نمبر 46 جاری کرتے ہوئے نئے کرایوں پر فوری عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ کرایوں میں اس اضافہ سے ہم مسافروں کی جیب پر تھوڑا اضافی بوجھ پڑے گا لیکن یہ فیصلہ آٹو ڈرائیورس کی معاشی حالات اور ان کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے طئے شدہ کرایہ کچھ اس طرح ہے۔ کم از کم کرایہ پہلے ایک اشاریہ 6 کیلو میٹر سفر کیلئے 30 روپئے مقرر کیا گیا ہے۔ ابتدائی 1.6 کیلو میٹر کے بعد ہر اضافی کیلو میٹر کیلئے 14 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ رات 11 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان سفر کرنے پر عام کرایہ کا 1.5 گنا (50 فیصد اضافی) وصول کیا جائے۔ ٹریفک جام یا کسی وجہ سے آٹو رکنے کی صورت میں 75 پیسے فی منٹ کے حساب سے ویٹنگ چارجس لاگو ہوں گے۔ حد سے زیادہ سامان ہونے کی صورت میں فی پیاکیج 50 پیسے کا چارج لیا جائے گا ۔ آٹو میں زیادہ سے زیادہ 100 کیلو گرام سامان لے جانے کی اجازت ہوگی۔ (عام ذاتی سامان پر کوئی چارج نہیں لگے گا) حکومت نے تمام آٹو ڈرائیورس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے آٹو میٹرس کو نئے کرایوں کے مطابق میٹرس ایڈجیسٹمنٹ کرانے کے لئے تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ 2/k