ابراہیم پٹنم واقعہ کے متاثرین سے ملاقات کیلئے چیف منسٹر کے پاس وقت نہیں،رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا الزام

   


حیدرآباد ۔یکم ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ غریبوں کی زندگی سے زیادہ انہیں سیاست کی فکر ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ابراہیم پٹنم کے گورنمنٹ ہاسپٹل میں فیملی پلاننگ آپریشن کے بعد چار خواتین کی موت واقع ہوگئی لیکن چیف منسٹر نے آج تک اس واقعہ پر ردعمل ظاہر نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو بہار کے عوام سے ہمدردی ہے لیکن حکومت کی لاپرواہی سے فوت ہونے والی خواتین کی کوئی فکر نہیں ہے۔ چیف منسٹر کو چاہئے تھا کہ وہ متوفی خواتین کے پسماندگان سے ملاقات کرتے اور پرسہ دیتے۔ خصوصی طیارے سے بہار جانے کیلئے چیف منسٹر کے پاس وقت ہے لیکن غریب خواتین کے خاندانوں کے لئے وقت نہیں ہے۔ پرگتی بھون سے صرف 30 منٹ کے وقفہ میں ابراہیم پٹنم پہنچ سکتے ہیں لیکن کے سی آر کو سیاسی فائدہ کی فکر زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا ناکافی ہے ، لہذا حکومت کو فی کس 25 لاکھ روپئے امداد کا اعلان کرنا چاہئے ۔ ر