ابو ظہبی میںٹیکہ اندازی شروع، کویت میں بھی ہنگامی استعمال کی منظوری

   


ابوظہبی ۔ متحدہ عرب امارات میں حکام کے مطابق ابو ظہبی میں چینی کمپنی سینوفارم کی ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں کویت میں بھی وزارت صحت نے امریکی کمپنی فائزرکی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی ہے۔ فارماسیوٹیکل اینڈ فوڈ سوپرویژن کے اسسٹنٹ انڈرسیکرٹری عبداللہ البدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میڈیسن رجسٹریشن اینڈ سوپرویژن ڈیپارٹمنٹ اور پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ کمیٹی نے کویت میں ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی ہے۔ امارات کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں سب سے پہلے بڑے پیمانے پر ویکسینیشن کا آغازکیاگیا ہے۔ برطانیہ پہلا ملک تھا جس نے امریکی کمپنی فائزر کی ویکسین لگانی شروع کی۔ امارات اور بحرین میں سینو فارم کے فیز تھری کے ٹرائلز کئے گئے تھے اور دونوں ممالک نے منظوری کے بعد طبی عملے کے لئے اس ویکسین کی ایمرجنسی استعمال کی اجازت دی تھی۔شہری مفت ویکسین لگوانے کے لیے ابو ظہبی کی ہیلتھ سروسز (ایس ای ایچ اے) کی ہاٹ لائن پر فون کر کے وقت لے سکتے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق کم از کم 45 دواخانوں اورکلینکس پر ویکسین کی سہولت دی گئی ہے۔ایس ای ایچ اے کے مطابق سینوفارم کی ویکسین دو خوراکوں میں دی جا سکتی ہے اور پہلی سے دوسری خوراک میں 21 دن کا وقفہ ہوگا۔ چین کی سینوفارم سمیت چین نے چار ویکسینز آخری مراحل میں ہیں جن کے ٹرائلز امارات، برازیل اور ترکی سمیت کئی ممالک میں کئے گئے۔ تاہم موڈرنا، آسٹرازینیکا اور جانسن اینڈ جانسن کے برعکس چینی ویکسینز کے موثر اور محفوظ ہونے کے بارے میں بہت کم معلومات شائع کی گئی ہیں۔پیرو میں ایک رضا کار میں نیورولوجیکل مسائل سامنے آنے کے بعد سینوفارم کے ٹرائلز معطل کر دیے گئے تھے۔