سڈنی ۔15؍نومبر ( ایجنسیز )آسٹریلیا کے شہر گریٹر بینڈیگو نے پہلی بار ایک ہندوستانی نژاد شخص کو اپنا میئر منتخب کیا ہے۔ ان کا نام ابھیشیک اوستھی ہے۔ اس غیر معمولی کامیابی پر ہندوستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر فلپ گرین نے انہیں مبارکباد دی ہے۔ گرین نے اسے ’آسٹریلیا۔ہندوستان کے تعلقات کی کہانی کا ایک اور حوصلہ افزا باب‘ قرار دیا۔ گرین کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہندوستانی نژاد کونسلر ابھیشیک اوستھی کو ریاست وکٹوریہ کے ایک شہر کا میئر منتخب کیا گیا ہے۔فلپ گرین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ابھیشیک اوستھی طالب علم کی حیثیت سے ہماچل پردیش سے آسٹریلیا آئے تھے اور اب گریٹر بینڈیگو کے پہلے ہندوستانی نژاد میئر بن گئے ہیں۔ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہندوستانی نژاد لوگ پورے آسٹریلیا میں کس طرح اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔