کولکاتا : انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منگل کو ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کو کوئلہ گھوٹالے میں پوچھ گچھ کیلئے سمن جاری کیا ہے۔ مرکزی ایجنسی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے بنرجی سے جمعہ کی صبح کلکتہ کے دفتر میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ای ڈی کے سینئر افسر نے بتایاکہ ہم نے ابھیشیک بنرجی کو یہاں اپنے افسران کے سامنے پیش ہونے کیلئے طلب کیا ہے ۔ نئی دہلی سے ہمارے افسران ان سے پوچھ گچھ کے لیے آئیں گے ۔ ایک دن قبل ہی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ جلد ہی مرکزی ایجنسیاں ان کے بھتیجے جو پارٹی میں دوسری پوزیشن پر ہیں اور دیگر سینئر لیڈران کو طلب کرسکتی ہے ۔ اس سے پہلے بنرجی کی بیوی روجیرا کو بھی ایجنسی نے طلب کیا تھا۔پیر کو کلکتہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ابھیشیک نے کہا کہ اس ریلی کے بعد ترنمول کانگریس کے چند اور لیڈروں کو گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ پارتھو چٹرجی کو ہماری 21 جولائی کی ریلی کے دو دن بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ آج بھی ایک اور میگا ریلی ہے ، مجھے لگتا ہے کہ ہم میں سے کسی کو دوبارہ گرفتار یا طلب کیا جا سکتا ہے ۔