نئی دہلی : انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو دہلی اکسائز پالیسی کیس میں 2 نومبر کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کرلیا۔ کجریوال کو سمن آج جاری کئے گئے جبکہ سپریم کورٹ نے آج ہی اُن کے سابق نائب منیش سیسوڈیا کی اِسی کیس میں ضمانت عرضی مسترد کرتے ہوئے مزید ہدایت جاری کی کہ اُن کے خلاف تحقیقات والے کیسوں میں ٹرائل آگے بڑھایا جائے جو سی بی آئی اور ای ڈی نے جاری رکھا ہوا ہے۔ سپریم کورٹ نے یہ کام آئندہ 8 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دہلی کے وزیر سوربھ بھردواج نے چیف منسٹر کجریوال کو سمن کی اجرائی پر ردعمل میں کہاکہ خبروں کے مطابق مرکزی حکومت کی ایجنسی ای ڈی نے دہلی سی ایم کو سمن کو ارسال کیا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ مرکز کا واحد مقصد ہے کہ کسی طرح عام آدمی پارٹی کا صفایا کیا جائے۔ اِس معاملہ میں وہ سی ایم کجریوال کو جیل میں ڈالنے اور پارٹی کا صفایا کرنے میں کوئی کسر باقی رکھنا نہیں چاہتے۔ 16 اپریل کو کجریوال سے سی بی آئی نے اِس کیس میں کرپشن اور مجرمانہ سازش کے پہلو کی تحقیقات کے سلسلہ میں تقریباً 9 گھنٹے پوچھ تاچھ کی تھی۔ سیسوڈیااسی کیس میں 26 فروری سے جیل میں ہیں۔