اجمیر میں یوم خواتین پر مختلف پروگرام کا انعقاد

   

اجمیر: عالمی یومِ خواتین کے موقع پر راجستھان کے شہر اجمیر سمیت پورے ضلع میں مختلف پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پشکر کی تنظیم ‘فیور دی لوٹو’ کو وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے جے پور کی ریاستی سطح کی تقریب میں بچیوں کی تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے میدان میں نمایاں خدمات کے لیے اعزاز سے نوازا۔ وزیراعلیٰ نے تنظیم کے ڈائریکٹر دیپو مہارشی کو سرٹیفکیٹ دے کر انھیں اعزاز بخشا۔ یہ تنظیم پشکر اور آس پاس کے علاقوں میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ میں مفت خدمات اور سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔ یہ تنظیم کئی سالوں سے اس میدان میں سرگرم ہے ۔ یوم خواتین کے موقع پر اجمیر میں ضلع سطح کی تقریب کا انعقاد مقامی جواہر تھیٹر میں کیا گیا۔ ضلع کلکٹر انشدیپ اور دیگر عہدیداروں نے شمع روشن کرکے تقریب کا آغاز کیا جس میں مقررین نے ‘ناری شکتی’ (قوت نسواں)کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔