احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ہی کورونا کا خاتمہ ممکن

   

حسن آباد کے کنٹینمنٹ موضع کا دورہ ، رکن اسمبلی ستیش کمار کاعوام سے خطاب

حسن آباد۔/7مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی حسن آباد نے حلقہ میں شامل موضع ایرابلی و ایرابلی تانڈہ منڈل ویلیر کا جہاں کا ایک 18 سالہ نوجوان متعدی و جان لیوا مرض کورونا مثبت سے متاثر رہ کر گذشتہ ہفتہ بھر سے گاندھی دواخانہ میں زیر علاج ہے ۔ صدر ضلع پریشد اربن ورنگل ڈاکٹر ایم سدھیر کمار کے ہمراہ اچانک دورہ کرتے ہوئے ضلع و منڈل انتظامیہ و مقامی گرام پنچایت عملہ کی جانب سے مقامی پولیس کے اشتراک کے ذریعہ کئے گئے تمام تر ضروری اقدامات کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ واضح رہے کہ متاثرہ موضع ایرابیلی و ملحقہ قبائیلی ایرابلی تانڈہ گزشتہ ہفتہ بھر سے ریڈ زون میں شامل ہوکر کنٹینمنٹ کیاگیا ہے۔ تمام محلہ جات کی مقامی پولیس کی جانب سے ناکہ بندی کی گئی ۔ نیز مسلح پولیس پکیٹ تعینات کیا گیا ہے۔ رکن اسمبلی حسن آباد مسٹر وی ستیش کمار نے مقامی گرام پنچایت ملازمین ریونیو حکام، صحت و طبابت و پولیس عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مقامی افراد کو کسی بھی صورت میں باہر نہ نکلنے دینے اور ہر گھر و خاندان تک اشیائے ضروریہ کا سامان، پانی، دودھ و ضروری ادویہ سربراہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ادعا کیا کہ احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ہی مہلک کورونا وائرس کووڈ 19 کا خاتمہ ممکن ہے۔ بعد ازاں انہوں نے موضع ایرابلی میں خریدے گئے دھان کے خریدی مراکز کا افتتاح انجام دے کر استفادہ کرنے اور اپنی دھان کی فصل کو نجی تاجرین، درمیانی افراد و بروکروں کو فروخت نہ کرنے صرف سرکاری خریدی مراکز پر اقل ترین امدادی قیمت پر فروخت کرتے ہوئے خاطر خواہ معاوضہ ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ نیز مقامی عوام میں اپنی جانب سے چاول ، ترکاریوں اور دیگر خوردنی اشیاء کے پیاکٹس تقسیم کئے۔ دورہ میں صدر ضلع پریشد ڈاکٹر ایم سدھیر کمار، ضلع پریشد رکن ونگا ررویندر ، محترمہ صغریٰ بیگم رکن ضلع پریشد ڈاکٹر حلیمہ خاتون مقامی سرپنچ سابق رکن اسمبلی اے پروین ریڈی ، جناب محمد عبدالوہاب انور صدر ٹاون کمیٹی جے سریندر ریڈی سینئر قائد و دیگر بھی موجود تھے۔