احساس انسانیت دم توڑنے کا حیدرآباد میں ایک اور واقعہ

,

   

زمین پر گرنے والے شخص کی کسی نے مدد نہیں کی ، بلکہ ویڈیو گرافی میں مصروف
حیدرآباد :۔ احساس انسانیت دم توڑنے کا ایک اور واقعہ حیدرآباد میں پیش آیا ۔ ای سی آئی ایل میں ایک بیمار شخص ہاسپٹل جانے کے لیے آٹو میں سوار ہونے سے قبل اچانک زمین پر گر پڑا کورونا کے ڈر سے کوئی اس کی مدد کے لیے نہیں پہونچے ۔ اس شخص کی بیوی مدد کے لیے دوڑ دھوپ کرتی چیختی چلاتی رہی مگر وہاں موجود عوام اس خاتون کی مدد کرنے کے بجائے سیل فون سے سارے منظر کی ویڈیو گرافی کرتے دیکھے گئے ۔ 108 ایمبولنس منٹوں میں پہونچی مگر تب تک 35 سالہ پرتھوی راج دم توڑ چکا تھا ۔ ساری دنیا میں بحران پیدا کرنے والے کورونا وائرس نے انسانیت کا احساس بھی اب ختم کردیا ہے ۔ اپنا ساتھی یا کوئی مصیبت زدہ ہو تو کوئی اس کی مدد کرنے کے لیے تیار نہیں ہورہا ہے ۔ کسی کی مدد کرنے پر وباء کا خود بھی شکار ہوجانے کے خوف سے کوئی آگے نہیں آرہے ہیں آنکھوں کے سامنے کسی کی جان بھی جارہی ہے تو اس کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ جارہے ہیں اور اپنی زندگیوں کی فکر کررہے ہیں لوگوں میں مدد کرنے کا احساس آہستہ آہستہ دم توڑ رہا ہے ۔ حیدرآباد کے ای سی آئی ایل میں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا جو اس کی زندہ مثال ہے ۔ جس کی مدد کرنے کے لیے کوئی آگے نہیں آیا ۔ اس کی حالت دیکھ کر سب نے افسوس کیا مگر کسی نے اس کی مدد نہیں کی ۔ حیدرآباد کے جواہر نگر کے بی جے آر کالونی کے ساکن 35 سالہ پرتھوی راج گذشتہ چار دنوں سے شدت بخار کا شکار ہے ۔ بائیک پر پرتھوی راج اپنی بیوی کے ساتھ ای سی آئی ایل کے ایک خانگی ہاسپٹل کو پہونچا ۔ ڈاکٹرس نے اس کا معائنہ کرنے کے بعد اسے کسی بڑے ہاسپٹل جانے کا مشورہ دیا ۔ جب یہ خانگی ہاسپٹل سے باہر نکل کر نمس ہاسپٹل جانے کے لیے آٹو والے کو راضی کرلیا آٹو میں سوار ہونے کے دوران پرتھوی راج توازن کھو کر اچانک زمین پر گر پڑا ۔ اس وقت ان کی بیوی اور خاندان کے دوسرے ارکان اس کو اٹھانے کی ہر ممکن کوشش کی ۔ اس دوران وہاں عوام کی کافی بھیڑ جمع ہوگئی مگر سب تماشہ دیکھتے رہے کسی نے مدد نہیں کی بلکہ چند افراد اپنے سیل فون میں اس منظر کو قید کرتے دیکھے گئے ۔ کشائی گوڑہ پولیس اسٹیشن سے چند فاصلے پر یہ واقعہ پیش آیا ۔ پرتھوی راج کے ارکان خاندان نے فوری 108 ایمبولنس کو کال کیا منٹوں میں ایمبولنس وہاں پہونچ گئی تاہم 108 ایمبولنس کے عملہ نے معائنہ کرتے ہوئے پرتھوی راج کے دم توڑ دینے کی توثیق کی ۔ نعش کو 108 سرویس میں منتقل کیا گیا ۔۔