حیدرآباد ۔ 13 ۔ ستمبر : ( راست ) : جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن سیف آباد کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ مزید 14 درخواستیں تدفین کی غرض سے وصول ہوئی جملہ 15 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کر کے تدفین عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر جناب محمد عبدالرحمن ، محمد آصف بھائی نے کہا جب خاندان میں کسی کا انتقال ہوتا ہے تو ہم بہت روتے ہیں ۔ سید نعیم الدین نے کہا حضور اکرم ﷺ نے فرمایا جب بندہ خوف خدا سے روتا ہے اُس کے آنکھ کے آنسو پلک بھیگنے نہیں پاتے کہ اللہ پاک اُس کی مغفرت فرماتے ہیں ۔ محمد عبدالجلیل نے کہا مرحوم کی مغفرت کے ساتھ رویا جائے تو ہر دو کے لیے بہتر ہے ۔ آج کی نماز جنازہ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب جامع مسجد محمدیہ کشن باغ نے پڑھائی ۔ جبکہ دعا سید معز الدین اشرفی خلیفہ علامہ مدنی میاں اشرفی الجیلانی نے کی ۔ سید عبدالمنان ، بشریٰ تبسم جو اکثر کفن کا اہتمام کرتے ہیں کہا کہ جناب زاہد علی خاں صاحب 2003 سے تدفین کا انتظام شروع کیا ۔ اس طرح ہزاروں میتیں جلنے سے بچ گئی اور بہت سارے لوگ ان کے آخری سفر میں ملت فنڈ میں تعاون کر کے شریک ہوگئے ۔ ادارہ سیاست نے متولی قبرستان محمد نور خاں ، چیرمین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی ، محبوب خاں عرف واجد اور اسحق خاں کے علاوہ امجد علی خاں جو گاندھی ہاسپٹل میں غسل کا اہتمام کرتے ہیں شکریہ ادا کیا ۔