اراضی تنا زعات کی یکسوئی کیلئے 2 جون سے ریونیو سدسو : وزیر مال

   

حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی یوم تاسیس 2 جون سے ریاست بھر میں بھو بھارتی قانون کے سلسلہ میں ریونیو سدسو کا آغاز ہوگا۔ گزشتہ 10 برسوں کے دوران تلنگانہ میں اراضی تنازعات کا حل تلاش کرنے کیلئے کانگریس حکومت نے گزشتہ ماہ بھو بھارتی قانون پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے۔ 17 اگست سے 30 اگست سے ریاست کے 4 اضلاع میں 4 مختلف منڈلوں کا انتخاب کیا گیا جہاں بھو بھارتی قانون پر عمل آوری کا تجربہ شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 5 مئی سے 30 مئی تک 28 اضلاع کے 28 منڈلوں میں ریونیو سدسو کا سلسہ جاری رہے گا۔ 28 منڈلوں میں عوام کی تجاویز کو پیش نظر رکھتے ہوئے 2 جون سے ریاست کے تمام منڈلوں میں ریونیو سدسو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریونیو سدسو میں داخل کی جانے والی درخواستوں کی مقررہ مدت میں بھو بھارتی قانون کے تحت یکسوئی کی جائے گی۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ تجرباتی طور پر جن 4 منڈلوں میں بھو بھارتی قانون پر عمل کیا گیا ، وہاں موصولہ درخواستوں کی یکسوئی کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ حکومت نے جاریہ ماہ کے اختتام تک 60 فیصد اراضی تنازعات کی یکسوئی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور دیگر شعبہ جات کو اراضی تنازعات سے مستقل طور پر نجات دلانے کیلئے بھو بھارتی قانون نافذ کیا گیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریونیو سدسو میں حصہ لیتے ہوئے اپنے مسائل پیش کریں۔ گزشتہ بی آر ایس دور حکومت میں کسانوں کو اراضیات کے حق سے محروم کرتے ہوئے ریکارڈ میں تبدیلی کی گئی تھی۔1