ارجنٹینا، فرانس اور ناروے کی کامیاب شروعات

   

واشنگٹن، 17جون (یو این آئی) عالمی شہرت یافتہ اسٹارکھلاڑیوں کی ریکارڈ ساز کارکردگی کی بدولت دفاعی چمپئن ارجنٹینا، فرانس اور ناروے نے اپنے اپنے افتتاحی میچ جیت کر فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کامیاب آغازکیا۔دفاعی چمپئن ارجنٹینا نے الجزائرکو0-3 سے شکست دی۔ اس میچ میں کپتان لیونل میسی نے ورلڈکپ کی اپنی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ کینساس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ جے کے میچ میں میسی نے17ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، پھر 60 ویں اور 76ویں منٹ میں مزید دوگول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ یہ ورلڈ کپ میں میسی کا 16واں گول تھا، جس کے ساتھ انہوں نے جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے سب سے زیادہ ورلڈکپ گولس کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔گروپ آئی میں کائلیان ایمباپے کے دوگولوں کی بدولت فرانس نے سینیگال کو1-3 سے شکست دی۔ ان دوگولس کے ساتھ ایمباپے نے اولیویئرجیروڈکے 57 بین الاقوامی گولس کا ریکارڈ توڑتے ہوئے فرانس کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔علاوہ ازیںناروے نے عراق کو1-4 سے شکست دے کر ورلڈ کپ مہم کا کامیاب آغاز کیا ہے ۔ اسٹار اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ نے اپنے ورلڈکپ ڈیبیو میں دوگولس کیے ۔ ناروے کے لیے لیو اوسٹیگارڈ نے بھی ایک گول اسکورکیا، جبکہ عراق کے ایک خود ساختہ گول نے ناروے کی فتح کو مزید یقینی بنا دیا۔ایک اور میچ میں آسٹریا نے پہلی مرتبہ ورلڈکپ کھیلنے والی اردن کی ٹیم کو1-3 سے شکست دے دی۔ آسٹریا کے لیے رومانو شمڈ نے پہلے ہاف میں شاندار لانگ رینج گول کیا، جبکہ دوسرے ہاف میں علی علوان نے ورلڈکپ میں اردن کا پہلا تاریخی گول اسکورکیا۔ میچ کے آخری مراحل میں دفاعی غلطیوں نے اردن کو نقصان پہنچایا۔ یزن العرب کے اپنے ہی گول نے آسٹریا کو دوبارہ برتری دلا دی، جبکہ انجری ٹائم میں مارکو ارناٹووچ نے پنالٹی گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی۔آسٹریا نے گروپ جے کے میچ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی اردن کی ٹیم کو 1-3 سے شکست دے کر 36 برس بعد فیفا ورلڈ کپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔آسٹریا 1998 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ فائنلز میں شرکت کر رہا ہے ، جبکہ اردن نے تاریخ میں پہلی مرتبہ اس عالمی مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے ۔