ریوڈی جنیرو : کوپا امریکہ کا فائنل دنیا کے دو سوپر اسٹار لیونل میسی اور نیمر کی ٹیموں ارجنٹینا اور برازیل کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ اس مقابلہ کا انتظار دنیا فٹبال کو ہے کیونکہ میسی اور نیمر بارسلونا کیلئے ایک ساتھ کھیل چکے ہیں ۔ کوپا امریکہ کے دوران جب بھی ارجنٹینا اور برازیل کا سامنا ہوا فتوحات کا ریکارڈ برازیل کے حق میں ہے جیسا کہ آخری مرتبہ دونوں کا سامنا 2019ء کے ٹورنمنٹ میں ہوا تھا جہاں برازیل نے ارجنٹینا کو شکست دی تھی ۔ 2021ء کے فائنل میں اب یہی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں ۔ کوپا امریکہ 2021ء کا فائنل برازیل کے ریو ڈی جنیرو میں موجود ماراکانا اسٹیڈیم میں ہوگا تو لاطین امریکی ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف 111مرتبہ آمنے سامنے ہوئی ہیں جس میں ارجنٹینا نے 46 اور برازیل نے 40مقابلوں میں فتوحات حاصل کی جب کہ 25مقابلے بغیر نتیجہ کے ختم ہوئے ۔ کوپا امریکہ کے ریکارڈس برازیل کے حق میں ہیں جیسا کہ 2019ء میں اس نے 2-0کی کامیابی حاصل کی تھی ۔ 2007ء کے کوپا امریکہ فائنل میں برازیل نے اپنی حریف کو 3-0سے شکست دی تھی ۔2004ء میں مقابلہ 2-2سے برابر ہوا تھا جس کے بعد برازیل نے ٹائی بریکر میں 4-2کی کامیابی حاصل کی ۔ 1999ء میں دونوں ٹیموں کا سامنا کوارٹر فائنل میں ہوا تھا جہاں برازیل نے ارجنٹینا کے خلاف 2-1کی کامیابی حاصل کی ۔ 1995ء میں بھی دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا کوارٹر فائنل میں ہوا تھا جس میں برازیل نے مقابلہ کے دوران دو مرتبہ خسارہ میں رہنے کے بعد 2-2کا نتیجہ حاصل کیا تھا ۔ اس کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹ میں برازیل 4-2کی کامیاب حاصل کی ۔