اردو اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے کابینی سب کمیٹی سے نمائندگی

   

جی او 317 کے نقصان کی تلافی کیلئے مختلف تجاویز پیش، وزراء کی جانب سے انصاف کا تیقن

سنگاریڈی۔ 16 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد خواجہ مجتہد الدین ریاستی معاون صدر اور ریاض احمد خان ریاستی جنرل سکریٹری اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسو سی ایشن ( سوٹا) نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اساتذہ اور ملازمین سرکار کے دیرینہ مطالبہ جی او 317 کے اطلاق سے اساتذہ اور ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تشکیل شدہ کابینی سب کمیٹی کے چیئرمین ریاستی وزیر صحت دامو دھر راج نرسمہا سے ملاقات کرتے ہوے نمائندگی کی۔ کابینہ سب کمیٹی نے سیکریٹریٹ کے گراؤنڈ فلور پر ریاست کی مختلف اساتذہ تنظیموں سے تبادلہ خیال کیا اور تجاویز حاصل کیں اس موقع پر اردو اساتذہ کی تنظیم اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن( سوٹا) کے ریاستی اسوسی ایٹ صدر محمد خواجہ مجتہد الدین اور ریاستی جنرل سیکریٹری محمد ریاض احمد خان نے نمائندگی کرتے ہوئے کابینہ سب کمیٹی کو چند اہم تجاویز پیش کیں جس میں انہوں نے کہا کہ جی او 317 کے اطلاق کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان اردو اساتذہ کا ہوا ہے چونکہ اضلاع میں اردو اسکولس کی تعداد کم ہے لہذا اسکولوں کی عدم موجودگی کا بہانہ بناتے ہوئے اردو اساتذہ کو دور دراز مقامات اور دیگر اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کابینہ سب کمیٹی کو بتا یا کہ سابق میں کانگریس حکومت نے عارضی سوپر نیومری جائیدادوں کو تشکیل دیتے ہوئے اساتذہ اور ملازمین کو جی او 610 کے تحت اپنے اپنے ضلع کو روانہ کیا تھا اسی طرح موجودہ حکومت بھی ضرورت پڑنے پر سوپر نیومری پوسٹ قائم کرتے ہوئے متاثرہ اساتذہ کو ان کے اپنے مطلوبہ ضلع یا وطنی ضلع میں متعین کر سکتی ہے۔ انہوں نے اسکول اسسٹنٹ اور سیکنڈری گریڈ ٹیچر دونوں کو زونل پوسٹ بنانے اور اس کے لیے قدیم متحدہ ضلع کو زون بناتے ہوئے اس دیرینہ مسائل کو بڑی آسانی سے حل کرنے کی تجویز پیش کی۔ اس موقع پر ریاستی وزراء دامودھر راج نرسمہا اور سریدھر بابو نے سوٹا کی ان تجاویز اور مطالبات کو توجہ کے ساتھ سماعت کیا اور حتی المقدور 317 جی او کے متاثرہ اساتذہ کے ساتھ انصاف کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر کمشنر اسکول ایجوکیشن دیو سینا ، پی آر سی کمیٹی چیئرمین شیو شنکر ، ونئے کرشنا ریڈی آئی ایس اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔