اردو اکیڈیمی سے اردو مصنفین کی تخلیقات کیلئے جزوی مالی اعانت

   

جناب محمد خواجہ مجیب الدین صدر تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے اردو مصنفین ، ادبا ، شعرا ، صحافیوں اور قلم کاروں کی سال 2021 کی اردو تخلیقات کی اشاعت کے لیے جزوی مالی اعانت کی جارہی ہے ۔ جناب محمد خواجہ مجیب الدین صدر اکیڈیمی نے اپنے صحافتی بیان میں ریاست تلنگانہ کے اردو قلم کاروں سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنی تخلیقات کے مسودات 14 دسمبر 2022 تک صدر دفتر اکیڈیمی حج ہاوز چوتھی منزل نامپلی میں داخل کردیں ۔ مسودہ بعد طباعت 1/8 ڈیمائی سائز کے 96 صفحات پر اور 1/16 کراؤن سائز کے 112 صفحات پر مشتمل ہونا چاہئے ۔ اگر کوئی کتاب مرتب کی گئی ہو تو اس کا مقدمہ کم از کم 20 صفحات پر مشتمل ہو ۔ مخطوطات پر تدوین کی صورت میں 30 صفحات پر مشتمل سیر حاصل تبصرہ بھی اس میں شامل ہونا چاہئے ۔ مالی اعانت کے لیے درخواست گذار اپنی درخواست کے ساتھ اردو اکیڈیمی کا جاری کردہ پروفارما پر کر کے اس کے ساتھ ، آدھار کارڈ کی کاپی ، بینک پاس بک یا چیک کی زیراکس کاپی اور ایک عدد پاسپورٹ سائز فوٹو بھی لازمی طور پر داخل کریں ۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ادیب / شاعر / مرتب کے مسودہ کی نقل ( زیراکس ) خوش خط یا ڈی ٹی پی کی کاپی داخل کریں ۔ جناب محمد خواجہ مجیب الدین نے بتایا کہ درخواست میں کتاب کا جو عنوان اور موضوع درج کیا گیا ہے وہی تفصیلات کتاب پر بھی درج ہونی چاہئے ۔ موضوع اور عنوان میں تبدیلی قابل قبول نہیں ہوگی ۔ درخواست گذار مسودہ کی زیراکس کاپی داخل کریں ۔ داخل کردہ مسودہ واپس نہیں کیا جائے گا ۔۔