سری نگر: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ اردو کو کبھی ختم نہیں کیا جا سکتا ہے اور یہ زبان تا قیامت زندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان کو ختم کرنے کی کوشش کرنے والے خود ہی ختم ہو جاتے ہیں۔ موصوف ڈائریکٹر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز چرار شریف بڈگام میں انجمن فروغ اردو جموں و کشمیرکی طرف سے ‘اردو اساتذہ کی صلاحیت سازی’ کے عنوان پر منعقدہ دو روزہ ورکشاپ سے اپنے خطاب کے دوران کیا ہے ۔اس دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن جموں و کشمیر کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے ۔ ڈاکٹر عقیل احمد نے کہا اردو کا جنازہ کبھی نہیں نکلے گا۔ یہ ایک ایسا درخت ہے جس کی اگر ایک ٹہنی کاٹی جائے دس نئی پھوٹیں گی’۔ان کا مزید کہنا تھا اردو کو ختم کرنے کی کوشش کرنے والے خود ہی ختم ہو جاتے ہیں۔ اس کو کبھی ختم نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ تا قیامت اردو زندہ رہے گی۔ این سی پی یو ایل کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ہاں یہ ضروری ہے کہ وقت اور حالات کے مطابق تبدیلیاں بھی لائی جانی چاہیے ۔
انہوں نے کہا ان میں سے ایک بڑی تبدیلی اردو کو سائنس اور ٹیکنالوجی سے جوڑنا ہے ۔