اردو صحافت نے جنگ آزادی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا:نتیش کمار

,

   

200 سالہ تقریب سے وزیراعلیٰ بہار کا خطاب، صحافتی برادری کے روشن مستقبل کی نیک تمنائیں

نئی دہلی: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارنے اردوصحافت کی دوسوسالہ تقریب کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اردو صحافت نے جنگ آزادی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے ۔یہ اطلاع آ ج یہاں جاری ایک ریلیز میں دی گئی ہے ۔ ریلیز کے مطابق دوسوسالہ تقریبات کمیٹی کے کنوینر معصوم مرادآبادی کے نام اپنے پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ مجھے یہ جان کر مسرت ہوئی کہ اردو صحافت کی دو سو سالہ تقریبات کمیٹی اپنا پہلا پروگرام منعقد کر رہی ہے اور اس موقع پر ایک سووینیر بھی شائع کیا جارہا ہے ۔ملک کی جنگ آزادی میں اردو صحافت نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔مولوی محمد باقر پہلے صحافی تھے جنہوں نے تحریک آزادی کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔انھوں نے لکھا ہے کہ اردو صحافیوں کی عظیم قربانی کے علاوہ 200 سالہ اردو صحافت کے فیصلہ کن کردار کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ آج معاشرے میں اقدار کے مجموعی انحطاط کے پیش نظر اردو صحافت کا کردار اور بھی اہم ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ یہ تقریب اپنے مقاصد میں کامیاب ہو گی۔ میں اردو صحافت، اردو ادب اور قوم کی تعمیر کے میدان میں نمایاں خدمات کے لئے تمام اعزازات کے مستحقین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ یہ سوووینیر تمام ذمہ داران کے لئے موجب تنویر ہوگا۔نتیش کمار نے اس موقع پر تقریب کے تمام شرکاء، منتظمین اور وابستگان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صحافتی برادری کے روشن مستقبل اور سوووینیر کی اشاعت کی کامیابی کا خواہش ظاہر کی ہے ۔ واضح رہے کہ اردوصحافت کے دوسوسال مکمل ہونے پر مرکزی تقریب کا افتتاح آج سابق نائب صدر محمدحامدانصاری کریں گے اور سابق مرکزی وزیر غلام آزاد مہمان ذی وقار کے طورپر شریک ہوں گے ۔ اس تقریب میں ملک بھر سے اردو کے سرکردہ صحافی شریک ہورہے ہیں۔ اس موقع پر بزرگ صحافیوں کو کارنامہ حیات ایوارڈ بھی پیش کیا جائے گا اور اردو صحافت پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی۔