اردو یونیورسٹی میں نادر و نایاب سکوں کی نمائش کا افتتاح

   

چانسلر ممتاز علی نے معائنہ کیا، اسکول آف ٹکنالوجی کی عمارت کا افتتاح
حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے چانسلر جناب ممتاز علی نے ہارون خاں شروانی مرکز برائے مطالعات دکن میں نادر اور تاریخی سکوں کی گیلری کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اردو یونیورسٹی کی سلور جوبلی کے سلسلہ میں سکوں کے گوشہ کی سہ روزہ نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جو 25 فروری تک جاری رہے گی۔ پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی ڈائرکٹر کے بموجب یونیورسٹی کے مرکز میں دوسری صدی قبل مسیح سے 19 ویں صدی عیسوی کے اواخر تک کے 81 سکوں کا نادر و قیمتی ذخیرہ موجود ہے۔ زیادہ تر سکے دکن کے علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ وجئے نگر، بہمنی، نظام شاہی، عادل شاہی، قطب شاہی اور حیدر علی میسور سے پہلے کے علاوہ ٹیپو سلطان، آصف جاہ اور دیگر جاگیر دار ریاستوں کے سکے شامل ہیں۔ دکن پر مغلوں کی حکمرانی کے وقت کے سکے بھی نمائش میں رکھے گئے ہیں۔ اسی دوران جناب ممتاز علی نے شعبہ کمپیوٹر سائینس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی اور اسکول آف ٹکنالوجی کی نو تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح انجام دیا۔ر