اروندکجریوال کی چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات

   

سیاسی اُمور اور امراوتی میں اپوزیشن ریلی کا منصوبہ زیرغور
امراوتی۔ 18فبروری ( پی ٹی آئی ) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج یہاں آندھراپردیش میں اپنے ہم منصب چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی ، جس سے چند دن قبل مواخرالذکر نے اپنی ریاست کو خصوصی موقف دینے کا مطالبہ کرتیہ وئے نئی دہلی میں روزہ برت رکھا تھا۔ قومی دارالحکومت میں نائیڈو کا یہ احتجاج اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد کا ایک اہم مرکز بن گیات ھا اور ایک ماہ سے بھی کم مدت کے دوران بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے خلاف اپوزیشن کا دوسرا بڑا احتجاج تھا ۔ کجریوال اپنے نائب منیش سیسوڈیا کے ساتھ آج شام یہاں پہنچے تھے اور وزیر آبی وسائل ڈی یو راؤ نے ایئرپورٹ پر ان کا خیرمقدم کیا تھا ۔ وجئے واڑہ کی ہوٹل میں مختصر توقف کے بعد وہ دریائے کے کنارے واقع نائیڈو کی رہائش گاہ پہنچے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ نائیڈو اور کجریوال نے سیاسی اُمور پر گفت و شنید کی ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے کوئی باضابطہ اعلان جاری نہیں کیا گیا ۔ چندرا بابو نائیڈو 11فبروری کو نئی دہلی میں ایک روزہ بھوک ہڑتال کے بعد آندھراپردیش کو انصاف دلانے کیلئے ایک بڑے پیمانے پر ریلی منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کولکتہ میں منعقدہ ترنمول کانگریس کی ریلی میں شرکت کرنے والی 22جماعتوں کے قائدین امراوتی میں ہونے والی اس ریلی میں بھی شرکت کریں ۔ اس ریلی کی تاریخ مقرر نہیںکی گئی ہے لیکن مارچ کے پہلے ہفتہ میں انعقاد پر غور کیا جارہا ہے ۔