تلنگانہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سیلسیس سے تجاوز

   

لنگر حوض اور شیخ پیٹ میں 44.6 درجہ حرارت ریکارڈ ، آئندہ ہفتہ بھی شدت کا رہے گا ، بارش کا بھی امکان

حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں درجہ حرارت پہلی مرتبہ 47 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 44ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ریاست تلنگانہ کے علاوہ جگتیال میں آج درجہ حرارت 47.1ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ موسم گرما کے دوران پہلی مرتبہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کئی مقامات پر غیر موسمی بارش کی بھی اطلاعات ہیں لیکن آئندہ دویوم کے دوران گرمی کی شدت میں کسی بھی طرح کی کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تلنگانہ میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کئے گئے اضافہ کے علاوہ دونوں شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر حیدرآباد کے علاقہ لنگر حوض اور شیخ پیٹ میں درجہ حرارت 44.6 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران گرمی میں کسی بھی طرح کی راحت کا کوئی امکان نہیں ہے بلکہ درجہ حرارت میں ریکارڈ کئے جا رہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران ریاست کے بعض اضلاع میں درجہ حرارت 48 ڈگری سیلسیس تک پہنچ جائے گا۔ساتھ ہی محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم کے بعد ریاست تلنگانہ کے اضلاع کے علاوہ شہر حیدرآباد میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ شہر حیدرآباد میں گرمی میں ہورہے اضافہ کے نتیجہ میں ائیر کولر ‘ ائیر کنڈیشنرس کے استعمال کے اضافہ کے نتیجہ میں برقی کھپت میں ہونے والے اضافہ کے سبب کئی علاقوں سے برقی سربراہی میں خلل کی شکایات موصول ہوئی ۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں کے مطابق گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے سبب برقی طلب میں بھی زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے جس کے نتیجہ میں بلا وقفہ سربراہی میں مشکلات پیش آرہی ہیں لیکن اس کے باوجود معیاری برقی سربراہی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔شہر اور ریاست میں گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے سبب محکمہ صحت اور محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کے لئے انتباہ جاری کئے جا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں دن کے اوقات میں شہر کی سڑکوں پر ٹریفک محدود دیکھی جارہی ہے لیکن رات کے اوقات میں بھی سڑکوں سے نکلنے والی بھانپ کے سبب شہری گھروں سے نکلنے سے اجتناب کر رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے آئندہ چند یوم میں گرمی سے راحت اور بعض علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔ 3