ارون جیٹلی نے وزارت فینانس کی ذمہ داری سنبھال لی

,

   

نئی دہلی 15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) ارون جیٹلی نے تقریبا ایک ماہ کے وقفہ کے بعد وزیر فینانس کی حیثیت سے ذمہ داری حاصل کرلی ۔ گذشتہ ایک سال کے دوران ان کا یہ دوسرا بریک تھا وہ انہوں نے علاج کیلئے حاصل کیا تھا ۔ صدر جمہوریہ نے وزیر اعظم کی خواہش پر وزارت فینانس اور کارپوریٹ امور کا قلمدان ارون جیٹلی کیحوالے کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات بتائی ۔ ارون جیٹلی نے ٹوئیٹ کیا کہ انہوں نے وزارت فینانس کے کام کاج کا آج ( جمعہ کو ) آغاز کردیا ہے ۔ انہوں نے ان کے غیاب میں وزارت فینانس کی ذمہ داری سنبھالنے پر پیوش گوئل سے بھی اظہار تشکر کیا ہے۔ 66 سالہ ارون جیٹلی گذشتہ ہفتے علاج کے بعد امریکہ سے وطن واپس ہوئے ہیں۔ پہلے انہوں نے وزیر اعظم کی صدارت میں منعقدہ سلامتی سے متعلق کابینی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی جس کی صدارت وزیر اعظم نے کی تھی اور اس اجلاس میں پلوامہ حملے کے بعد کے حالات پر غور کیا گیا تھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ارون جیٹلی کی 22 جنوری کو امریکہ میں سرجری ہوئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ ان کے بائیں پیر میں ہلکا کینسر تھا جس کا علاج کیا گیا ۔ وہ 9 فبروری کو ہندوستان واپس ہوئے تھے ۔