ارون جیٹلی کے بیٹے روہن جیٹلی ڈی ڈی سی اے کے نئے صدرنشین منتخب

   

نئی دہلی: سابق مرکزی وزیر آنجہانی ارون جیٹلی کے بیٹے روہن جیٹلی دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے بلامقابلہ صدرنشین منتخب ہوگئے۔ ڈی ڈی سی اے کے انتخابات کے لئے مقرر الیکشن آفیسر ایس کے میندیرتا نے کل امیدواروں کی فہرست جاری کی ، جس میں چیئرمین کے عہدے کے لئے صرف روہن جیٹلی کا نام ہے چونکہ اس عہدے کے لئے صرف ایک ہی امیدوار کا نام تھا ، لہذا چیئرمین کے عہدے کے لئے کوئی انتخاب نہیں ہوا۔روہون جیٹلی کو پہلے سے ہی اس عہدے کے لئے متفقہ امیدوار سمجھا جارہا تھا اور اس فہرست کے بعد وہ ڈی ڈی سی اے کے نئے چیئرمین بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ روہن جیٹلی کے والد ارون جیٹلی ڈی ڈی سی اے کے سابق چیئرمین تھے۔ ارون جیٹلی 1999 سے 2013 تک 14 سال تک ڈی ڈی سی اے کے صدر کے عہدے پر فائز رہے۔ گزشتہ سال اگست میں ارون جیٹلی کا انتقال ہوگیا تھا ، جس کے بعد دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ کا نام ارون جیٹلی اسٹیڈیم رکھا گیا تھا۔ڈی ڈی سی اے انتخابات 17 سے 20 اکتوبر تک ہونے تھے لیکن انہیں الیکشن آفیسر نے انتخابی عمل میں مداخلت کی بنا پر مسترد کردیا تھا۔ یہ انتخابات اب 5 سے 8 نومبر تک ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہوں گے ۔