ارکان اسمبلی و کونسل کوارٹرس کی تعمیر ، 17 جون کو افتتاح

   

چیف منسٹر کے سی آر افتتاح کریں گے ، تعمیر پر 166 کروڑ روپیوں کا خرچ
حیدرآباد۔13جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 17 جون کو 11بجے دن حیدرگوڑہ میں تعمیر کئے گئے ارکان اسمبلی و قانون ساز کو نسل کی عمارتوں کا افتتاح انجام دیں گے۔ حکومت تلنگانہ نے ریاستی اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے اراکین کیلئے حیدرگوڑہ میں موجود ایک ایل اے کوارٹرس میں نئی عمارتوں کی تعمیر کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کا آغاز کیا تھا اور اب حیدرگوڑہ میں 120 فلیٹس پر مشتمل ایم ایل اے کوارٹر کی تعمیر کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ حیدرگوڑہ ایم ایل اے کوارٹرس کی افتتاحی تقریب 17 جون کو صبح 11بجے منعقد ہوگی اور اس تقریب کے دوران چیف منسٹر کے ہمراہ اسپیکر ریاستی اسمبلی مسٹر پوچارم سرینواس اور ریاستی وزراء کے علاوہ ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل موجود رہیں گے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تعمیر کئے گئے ان فلیٹس کی افتتاحی تقریب کے بعد ان کو ارکان کے حوالہ کیا جائے گا۔ افتتاح سے قبل ریاستی وزیر عمارات و شوارع مسٹروی پرشانت ریڈی واستو کے مطابق مذہبی رسومات انجام دیں گے بعد ازاں افتتاحی تقریب منعقد ہوگی ۔بتایاجاتا ہے کہ ارکان اسمبلی کیلئے تعمیر کئے گئے ان فلیٹس میں تین بیڈروم ‘ ہال اور کچن کے علاوہ دیوان خانہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے علاوہ ازیں گراؤنڈ فلور پر ہی اجلاس کے انعقاد وعوامی ملاقات کیلئے 23 علحدہ کمروں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ حیدرگوڑہ ایم ایل اے کوارٹرس میں 120 فلیٹس کے ساتھ 240گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت اور ویزیٹرس کے لئے علحدہ پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 166 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ان 120 فلیٹس کا رقبہ 2400 مربع فیٹ ہے جس میں اعلی معیاری سہولتو ں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ایم ایل اے کوارٹرس کے اس کمپاؤنڈ میں 36 ملازمین کے کوارٹرس بھی بنائے گئے ہیں اور اس کے علاوہ کمپاؤنڈ کے اندر ہی کلب ہاؤز ‘ جم ‘ سوپر مارکٹ کے علاوہ دیگر سہولتوں کی فراہمی کے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ حیدرگوڑہ میں تعمیر کئے گئے ان فلیٹس کی افتتاحی تقریب کے بعد اسپیکر اسمبلی جانب سے یہ فلیٹس ارکان اسمبلی اور قانون ساز کونسل کو حوالہ کئے جائیں گے اور اگر کوئی رکن اسمبلی یا رکن قانون ساز کونسل اپنے قدیم کوارٹر میں ہی رہائش پذیر رہنا چاہتا ہے تو ایسی صورت میں انہیں اجازت حاصل رہے گی کیونکہ دونوں ایم ایل اے کوارٹرس میں ریاست حکومت کے پاس کافی جگہ موجود ہے اور نئے فلیٹس ارکان کیلئے کافی ہیں۔